سیالکوٹ:کیمروں کے ذریعے جعلی نمبر پلیٹس کیخلاف آپریشن
جدید کیمروں اور آٹومیٹک نمبر پلیٹ ریکگ نیشن سسٹم کے ذریعے نشاندہی
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )جعلی نمبر پلیٹس کے خلاف سیف سٹی کا کریک ڈاؤن شروع،سیف سٹی اتھارٹی کی جانب سے جعلی اور غیر رجسٹرڈ نمبر پلیٹس کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا گیا ۔ اس حوالے سے ڈی ایس پی سیف سٹی ساجدحمید ورک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہر بھر میں جدید کیمروں اور آٹومیٹک نمبر پلیٹ ریکگ نیشن سسٹم کے ذریعے خلاف ورزی کرنے والوں کی نشاندہی کی جا رہی ہے ۔ڈی ایس پی ساجد حمید ورک کا کہنا تھا کہ جعلی نمبر پلیٹس کا استعمال نہ صرف قانون کی خلاف ورزی ہے بلکہ یہ سنگین جرائم میں بھی معاون ثابت ہوتا ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایسے عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور کسی کو رعایت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے مزید بتایا کہ سیف سٹی کیمروں کی مدد سے مشکوک گاڑیوں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے جبکہ فیلڈ ٹیمیں بھی متحرک ہیں۔