ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ملازمین کو 4 ماہ سے تنخواہ نہ مل سکی
چیئرمین سی بی اے یونین کا ٹھیکیدار پر خورد برد کا الزام ،وزیراعلیٰ کو در خواست دیدی
گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر )سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے سینکڑوں ملازمین کو 4 ماہ سے تنخواہوں کی ادائیگی نہ ہوسکی،چیئرمین سی بی اے یونین نے ٹھیکیدار پر تنخواہیں خورد برد کرنے کا الزام لگاتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب کو کارروائی کیلئے درخواست دیدی۔چیئرمین سی بی اے یونین میونسپل کارپوریشن و سالڈ ویسٹ رحمت علی انصاری نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کو دی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ سالڈ ویسٹ کمپنی گوجرانوالہ کے سینکڑوں ملازمین کو جنوری و فروری کے مہینوں سے تنخواہوں کی ادائیگی نہ ہوسکی اور ٹھیکیدار نے مبینہ طور پر کروڑوں روپے کی تنخواہیں ملازمین کو ادا کرنے کے بجائے مبینہ طور پر اپنے ذاتی استعمال میں خرچ کی ہیں جو ورکرز کیساتھ سخت زیادتی اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ستھرا پنجاب پروگرام کو ناکام کرنے کی سازش ہے ۔چیئرمین سی بی اے یونین رحمت علی انصاری نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے مطالبہ کیا ہے کہ سالڈ ویسٹ کمپنی کے سینکڑوں ملازمین کی تنخواہیں خرد برد کرنے پر امپیریل کمپنی کے ٹھیکیدار اخلاق چٹھہ کا ٹھیکہ کینسل کرکے اس کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے اور کمپنی کے سینکڑوں ملازمین کو تنخواہیں ادا کی جائیں۔