محلہ اسلام آباد مسائل کا شکار‘نالے کا پانی گلیوں میں جمع

 محلہ اسلام آباد مسائل کا شکار‘نالے کا پانی گلیوں میں جمع

شہری اذیت میں مبتلا، تعفن، مکھیوں‘مچھروں کی بھرمار پر اہل علاقہ سراپا احتجاج

علی پورچٹھہ(تحصیل رپورٹر)علی پورچٹھہ کا گنجان آباد علاقہ محلہ اسلام آباد بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی اور نکاسی آب کے مسائل پر شہریوں کیلئے عذاب بن گیا۔ ریلوے پھاٹک سے ملحقہ آبادی میں خستہ حال اور ٹوٹے پھوٹے کناروں والا نالہ ابل پڑا ہے جسکے باعث گندا اور بدبودار پانی گلیوں میں جمع ہو کر مسلسل بہہ رہا ہے جبکہ اہل علاقہ شدید مشکلات اور ذہنی اذیت کا شکار ہیں۔ محلہ میں عرصہ دراز سے نکاسی آب کا مؤثر نظام موجود نہیں۔ نالے کی دیواریں اور کنارے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں جبکہ متعدد مقامات پر پلیاں بند ہونے سے گندا پانی گلیوں اور راستوں میں کھڑا رہتا ہے ۔ شہریوں کو آمدورفت کیلئے اسی آلودہ پانی سے گزرنا پڑتا ہے جس سے بچوں، بزرگوں، خواتین اور نمازیوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ نمازیوں کیلئے مساجد تک پہنچنا بھی دشوار ہو چکا ہے جبکہ سکول جانے والے بچے بھی گندے پانی میں سے گزرنے پر مجبور ہیں۔ گلیوں میں کھڑے گندے پانی سے شدید تعفن پھیل رہا ہے اور مکھیوں ، مچھروں کی افزائش میں خطرناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے ، جسکے باعث ملیریا، بخار اور دیگر بیماریوں میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ اور اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لیکر نالے کی ازسرنو تعمیر، بند پلیوں کی بحالی اور نکاسی آب کے مستقل انتظامات کو یقینی بنانے کامطالبہ کیاہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں