وزیر آباد سوہدرہ تک 1 ارب سے زائد کا بائی پاس منصوبہ عرصہ دراز سے تاخیر کا شکار
کئی کلو میٹر سڑکیں بچھا دی گئیں تاہم ریلوے کراسنگ و دیگر پلیوں کی تعمیر کیلئے بجٹ نہ ہو نے پر بائی پاس منصوبہ لٹک گیا ،شہر سے ہیوی ٹریفک گزرنے پر حادثات عام،پراجیکٹ جلدمکمل کرنیکامطالبہ
وزیرآباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر)شہر سے ٹریفک کا دباؤ کم کرنے کیلئے وزیرآباد میں مولانا ظفر علی خان بائی پاس سے سوہدرہ تک ایک ارب روپے سے زائد لاگت کا بائی پاس کا میگا پراجیکٹ عرصہ دراز سے تاخیر کا شکار ،کئی کلو میٹر تک سڑکیں بچھا دی گئیں تاہم ریلوے کراسنگ اور دیگر پلیوں کی تعمیر کیلئے بجٹ نہ ہو نے سے یہ منصوبہ لٹک گیا جسکی وجہ سے اندرون شہر سے ہیوی ٹریفک گزرنے پرحادثات میں کئی قیمتی جانوں کا ضیاع اور درجنوں افراد زخمی ہو چکے ہیں۔
منصوبہ مکمل نہ ہو نے سے اندرون شہر ٹریفک کے مسائل بڑھتے جا رہے ہیں اور بڑی لوڈر گاڑیوں کے شہر سے گزرنے پر حادثات عام ہورہے ہیں جن میں کئی قیمتی جانیں ضائع اور متعدد افراد معذور ہو چکے ہیں۔معروف قانون دان احمد فراز خان لودھی سمیت شہریوں اور سیاسی سماجی تنظیموں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اس منصوبہ کو جلد مکمل کیا جائے ۔دوسری جانب متعلقہ حکام نے بتایا کہ اسی ماہ جون میں ریلوے کراسنگ و دیگر پلیوں کیلئے فنڈز مہیا ہو مل جائینگے جسکے بعد ہنگامی بنیادوں پر کام کر کے منصوبے کو مکمل کر دیا جائے گا۔