قانون نافذ کرنیوالے اداروں سے تعاون کرینگے :اشتیاق کاظمی
عزاداری سیدالشہداہمارا حق، عبادت میں رکاوٹ نہ ڈالی جائے :میڈیا سے گفتگو
پھالیہ (نامہ نگار)صوبائی صدر شیعہ علما کونسل پاکستان شمالی پنجاب علامہ سید اشتیاق حسین کاظمی نے کہا ہے کہ عزاداریِ سیدالشہدا ہماری شہ رگِ حیات ہے اور ایامِ محرم الحرام میں ہم اپنی عبادات اور مذہبی فرائض کی ادائیگی میں مصروف رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شیعہ مکتبِ فکر نے کبھی اتحاد بین المسلمین کے خلاف کوئی اقدام نہیں کیا بلکہ فلسفئہ شہادتِ امام حسینؑ سے امن، محبت، رواداری برداشت اور حوصلے کا درس حاصل کیا ہے ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ اشتیاق حسین کاظمی نے کہا کہ قائد ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے ہمیشہ پاکستان میں امن سلامتی اتحاد وحدت اور یگانگت کے فروغ کے لیے کردار ادا کیا اسی وجہ سے انہیں بانی اتحادِ وحدت المسلمین کے لقب سے یاد کیا جاتا ہے انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے تاہم ان کی خواہش ہے کہ عزاداریِ سیدالشہدا کو ہر سال کی طرح آزادی اور مذہبی تقدس کے ساتھ ادا کرنے دیا جائے اور بلاوجہ روک ٹوک یا مقدمات کے اندراج کے ذریعے عزاداروں کی عبادات میں رکاوٹ نہ ڈالی جائے علامہ اشتیاق حسین کاظمی نے کہا کہ اہل تشیع محب وطن اور پُرامن پاکستانی ہیں ان کی تاریخ میں دہشت گردی یا انتہاپسندی کا کوئی پہلو موجود نہیں انہوں نے کہا کہ ہم نہ دہشت گرد ہیں اور نہ ہی دہشت گردوں کے ساتھی اس لیے امید کرتے ہیں کہ انتظامیہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے عزاداران امام بارگاہوں مساجد اور مدارس کو مکمل تحفظ فراہم کریں گے ۔