حکومت نے تعمیر و مرمت کے فنڈز خرچ کرنے سے روک دیا،کا م التوا کا شکار
گوجرانوالہ ،سیالکوٹ ،گجرات ،منڈی بہاؤ الدین ،وزیرآباد،حافظ آباد میں ترقیاتی کام رک گئے ،سرکاری اداروں کے ٹھیکیداروں کے کروڑوں روپے کے بلز کی ادائیگی التوا کا شکار ہوگئی
گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)رواں مالی سال ختم ہونے کے قریب ہے ، گوجرانوالہ ڈویژن کے ترقیاتی اور بلدیاتی اداروں کے کروڑوں روپے ایم اینڈ آر فنڈزپنجاب حکومت نے خرچ کرنے سے روک د ئیے جسکے باعث سرکاری اداروں کے ٹھیکیداروں کے کروڑوں روپے کے بلز کی ادائیگی التوا کا شکار ہوگئی ۔گوجرانوالہ ،سیالکوٹ ،گجرات ،منڈی بہاؤ الدین ،وزیرآباد،حافظ آباد ،نارووال میں جاری تعمیر ومرمت کے کام بھی تعطل کا شکار ہوگئے ۔ ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے ریجن بھر میں کے مختلف ترقیاتی اداروں کو مینٹینس اینڈ ر یپیرنگ فنڈز کیلئے خطیر رقم ارسال کی گئی تھی جس کو مختلف منصوبوں کے تعمیر ومرمت کیلئے استعمال کیا جارہا تھا اور مختلف سرکاری اداروں کے ترقیاتی منصوبوں کی تعمیر ومرمت کا سلسلہ جاری تھا جس پرایم اینڈ آر فنڈ کا استعمال کیا جارہا تھا جسے پنجاب حکومت نے مالی سال ختم ہونے سے قبل خرچ کرنے سے روک دیااور اگلے مالی سال میں فنڈز جاری کرنے کی ہدایت کردی ۔پر ا ونشل ہائی وے ،محکمہ بلڈنگ ، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے فنڈز واپس بھیجنے سے تعمیر ومرمت کے متعدد کام رک گئے ۔