نوشہرہ :محرم میں فول پروف سکیو رٹی اقدامات کی ہدایت
داخلی خارجی راستوں کی نگرانی ،ٹریفک روانی کیلئے تمام وسائل استعمال کرینگے :اے سی
نوشہرہ ورکاں (تحصیل رپورٹر ، نمائندہ دنیا )محرم الحرام کے سلسلہ میں امن و امان، سکیورٹی اور دیگر انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے اسسٹنٹ کمشنر آفس نوشہرہ ورکاں میں سرکل سطح کی میٹنگ کا انعقاد کیا گیامیٹنگ کی صدارت اسسٹنٹ کمشنر سعدیہ جمال نے کی جبکہ ڈی ایس پی سرکل انصر فاروق مان، ایس ایچ او ریاض گوندل، ڈی ایس پی ٹریفک گوجرانوالہ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اقصیٰ امین ڈوگر، ایکسین گیپکو ڈویژن سلیمان انصاری، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی نوشہرہ ورکاں سمیت محکمہ صحت، ریسکیو 1122، شہری دفاع، امن کمیٹی کے ممبران اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی ۔میٹنگ میں عشرہ محرم کے دوران جلوسوں اور مجالس کے روٹس، سکیورٹی انتظامات، ٹریفک پلان، صفائی ستھرائی، بجلی کی بلا تعطل فراہمی، ہنگامی طبی سہولیات اور ریسکیو اقدامات پر غور کیا گیا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سعدیہ جمال نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کیلئے باہمی رابطہ اور مربوط حکمت عملی کو یقینی بنایا جائے انہوں نے کہا کہ جلوسوں اور مجالس کے مقامات پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات، سی سی ٹی وی مانیٹرنگ، داخلی و خارجی راستوں کی نگرانی اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے میونسپل کمیٹی اور ستھرا پنجاب عملہ کو ہدایت کی کہ جلوس روٹس اور امام بارگاہوں کے اطراف صفائی ستھرائی، سیوریج اور سٹریٹ لائٹس کے مسائل فوری حل کئے جائیں میٹنگ میں گیپکو حکام کو ہدایت کی گئی کہ عشرہ محرم کے دوران لوڈ مینجمنٹ کا مؤثر پلان ترتیب دیا جائے تاکہ مجالس اور جلوسوں کے دوران بجلی کی بندش سے عوام کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔