انتخابی عمل پر سوالات جمہور یت کیلئے تشویشناک :بلوچ
جی بی میں ن لیگ ، پی پی نے شرمناک کھیل کھیلا :وزیر آ باد میں گفتگو
وزیرآباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر )نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن)اور پیپلز پارٹی نے جمہوریت کیساتھ شرمناک کھیل کھیلا جبکہ فارم 45 اور فارم 47 کا تنازع وہاں بھی سامنے آیا ہے اور تقریباً تمام سیاسی جماعتیں انتخابی دھاندلی کے الزامات عائد کر رہی ہیں۔وہ الخدمت فاؤنڈیشن وزیرآباد کے زیر اہتمام نجی میرج ہال میں 15 مستحق خاندانوں کی بچیوں کی اجتماعی شادی کی تقریب کے موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کر رہے تھے ۔ اس موقع پرصدر سنٹرل پنجاب اکرام الحق سبحانی،نائب امیر نصر اللہ گورائیہ، صدر الخدمت فاؤنڈیشن وزیرآباد مشتاق بٹ، جنرل سیکرٹری حافظ عمران منیر بٹ،ضلعی امیر ناصر محمود کلیر، صابر بٹ بھی موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے انتخابات میں اپوزیشن جماعتیں مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے میں ناکام رہیں جس کے باعث انہیں سیاسی نقصان اٹھانا پڑا۔ ان کا کہنا تھا کہ انتخابی عمل پر اٹھنے والے سوالات جمہوری نظام کیلئے تشویشناک ہیں ۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ راولاکوٹ اور دیگر علاقوں میں پیدا ہونے والی صورتحال پر پوری قوم تشویش میں مبتلا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پرامن احتجاج ہر شہری کا بنیادی جمہوری اور آئینی حق ہے ، تاہم طاقت کے ذریعے احتجاج کو دبانا اور احتجاج کے نام پر طاقت کا استعمال کرنا، دونوں ہی قابل مذمت ہیں۔