ڈی پی او حافظ آ باد کا مبینہ طورپر سیاسی دبائو پر تبا دلہ

ڈی پی او حافظ آ باد کا مبینہ طورپر سیاسی دبائو پر تبا دلہ

ایم پی اے کے بیٹے سے اختلافات کی بازگشت ،تبادلے کے بعد حقیقت کھل گئی

حافظ آباد(نامہ نگار ،نمائندہ دنیا) محکمہ پولیس حافظ آباد میں ریفارمز لانے اور میرٹ پر مبنی پالیسیوں پر عمل پیرا ہوکر فرائض سرانجام دینے والے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کامران حمید کو مبینہ طور پر سیاسی دبائوپر تبدیل کر دیا گیا، مقامی ایم پی اے کے بیٹے سمیت متعدد لیگی رہنماسوشل میڈیا پر تبادلے کا کریڈٹ لینے کیلئے شادیانے بجاتے رہے جبکہ عوامی سماجی کاروباری اور دینی و مذہبی حلقے تنقید کرتے رہے ۔ ڈی پی او کامران حمید نے ضلع میں 6 ماہ کی مختصر تعیناتی کے دوران پولیس میں میرٹ کے دامن کو تھامے رکھا ، عوام کے تحفظ اور پولیس ملازمین وشہدا کیلئے بے شمار ریفارمز بھی کیں جس کی وجہ سے مقامی ممبران اسمبلی اور بعض بااثر لیگی رہنما جو قبل ازیں ساراسارا دن ڈی پی او آفس میں ڈیرے جمائے رکھتے تھے وہ ڈی پی او کامران حمید سے نالاں ہوکر انکے تبادلے کیلئے متحرک ہوگئے ۔اسی اثنا میں مقامی ایم پی اے کے بیٹے سے کسی بات پر اختلافات کی بازگشت سنائی دینے لگی ،گزشتہ روز ڈی پی او کے تبادلہ پر اسی ایم پی اے کے بیٹے نے سوشل میڈیا پر نامناسب الفاظ میں پوسٹ کر دی جس پر مختلف حلقوں کی جانب نہ صرف ڈی پی او کامران حمید کے مبینہ سیاسی پریشر پرتبادلہ کی مذمت کی جاتی رہی بلکہ لیگی رہنماؤں پر تنقید بھی جاتی رہی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں