صنعتوں کو جدید ٹیکنالوجیز سے لیس کرنے کیلئے اقدامات شروع

صنعتوں کو جدید ٹیکنالوجیز سے لیس کرنے کیلئے اقدامات شروع

روز گار کے 5ہزار نئے مواقع پیدا ہونگے ، صنعت چلے گی تو ملک چلے گا:عدنان افضل

گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس نے پاکستان کے پہلے صنعتی ضروریات کے حامل گوجرانوالہ انکیوبیشن سنٹر کا باقاعدہ افتتاح کر کے تاریخ رقم کر دی۔ تقریب میں کمشنر گوجرانوالہ محمد علی،وزیر اعلیٰ ٹاسک فورس کے سربراہ عدنان افضل چٹھہ، ڈپٹی کمشنر نوید احمداور ایس ایس پی غیور احمد نے شرکت کی۔ صدر چیمبر علی ہمایوں بٹ کے منفرد وژن سے جنم لینے والے اس اسٹیٹ آف دی آرٹ انکیوبیشن سینٹرمیں گوجرانوالہ کی انڈسٹری میں 500 سے زائد نئے سٹارٹ اپس کو پاؤں پر کھڑا کیا جائے گا جبکہ 200 روایتی کارخانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کر کے مکمل ڈیجیٹلائز کیا جائے گا تاکہ مارکیٹ میں 5 ہزار سے زائد روزگار کے نئے مواقع پیدا ہو سکیں۔ تقریب سے کمشنر محمد علی ، ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے بھی خطاب کیا ۔ وزیرِ اعلیٰ ٹاسک فورس کے سربراہ عدنان افضل چٹھہ نے آگاہ کیاکہ وزیراعلیٰ مریم نواز کاوژن بہت کلیئر ہے صنعت چلے گی تو ملک چلے گا، مزید یہ کہ صنعت کاروں کو روزمرہ کی ہراسمنٹ سے مستقل نجات دلانے کیلئے اب 36 مختلف سرکاری محکمے روز روز انڈسٹری پر چھاپے مار کر یا نوٹس بھیج کر مینوفیکچررز کو ہراساں نہیں کریں گے بلکہ مہینے میں صرف ایک دن یہ تمام 36 محکمے مختلف صنعتوں کا دورہ کریں گے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں