حقیقی جمہوریت کے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا :عمر ڈار
ملکی نظام چند خاندانوں کے مفادات کے گرد گھومتا رہا تو مزید نقصان دہ ہوگا
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما عمر فارو ق ڈار نے کہا ہے کہ ملک میں حقیقی جمہوریت کے بغیر قومی ترقی و عوامی خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا اگر ملکی نظام چند خاندانوں کے مفادات کے گرد گھومتا رہا تو یہ عمل مزید نقصان دہ ثابت ہوگا،تحریک انصاف ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے جسے دیوار سے لگانے کی کوششیں قابل مذمت اور جمہوریت کے منافی ہیں۔ پاکستان 24کروڑ عوام کا ملک ہے جو جمہور یت پسند ہیں جنہوں نے موجودہ جعلی حکومت کو تسلیم نہیں کیا۔ ان خیالات کا اظہا رانہوں نے جناح ہاؤس میں پارٹی ورکرز سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صدر بار سعید احمد بھلی، ڈویژنل جنرل سیکرٹری انصا ف لائرز فورم طاہر سلطان،سٹی صدر میاں اعجا ز جاوید،جنرل سیکرٹری چودھری الطاف ، میاں بابر، میاں سلیمان اسلام، حسن علی ایڈووکیٹ بھی موجود تھے ۔ عمر فارو ق ڈار نے کہا کہ موجودہ ابتر حالات میں پی ٹی آئی قوم کی واحد امید ہے ملک میں چند برسوں کے دوران مہنگائی میں 300فیصد تک اضافہ ہوچکا ہے اشیائے خوردنوش ،بجلی، گیس ،ادویات ،تعلیم اور ٹرانسپورٹ کے اخراجات عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہوچکے ہیں مگر حکومت نے بجٹ میں عوام کو حقیقی ریلیف دینے کے بجائے ان پر مزید بوجھ ڈالنے کا راستہ اختیار کیا ہے ۔