علی پورچٹھہ:ورک پرمٹ کے نام پر گھنٹوں بجلی کی بندش

علی پورچٹھہ:ورک پرمٹ کے نام پر گھنٹوں بجلی کی بندش

شدید گرمی میں شہری اذیت کا شکار ، پانی کی قلت ،متاثرین سراپا احتجاج

علی پورچٹھہ (تحصیل رپورٹر )ورک پرمٹ کے نام پر گھنٹوں بجلی کی بندش ، شدید گرمی میں شہری اذیت کا شکار ، متاثرین سراپا احتجاج بن گئے ۔ جیٹھ اور ہاڑ کی جھلسا دینے والی گرمی میں جہاں درجہ حرارت مسلسل بلند ہو رہا ہے وہیں گیپکو کی جانب سے ورک پرمٹ کے نام پر بجلی کی طویل بندش نے شہریوں کا جینا دوبھر کر دیا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ہر ہفتے بجلی کئی کئی گھنٹے کیلئے بند کر دی جاتی ہے جبکہ اس کے علاوہ بھی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے ۔ متاثرہ شہریوں کے مطابق پنکھے اور کولنگ سسٹم بند ہونے سے گھروں میں حبس بڑھ جاتا ہے جبکہ پانی کی فراہمی بھی متاثر ہونے کے باعث لوگ پینے کے پانی کی ایک ایک بوند کو ترس جاتے ہیں۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ اتوار کے روز جب بیشتر سرکاری و نجی اداروں میں تعطیل ہوتی ہے اس دن بھی ورک پرمٹ کے نام پر بجلی بند کر دی جاتی ہے ،حکام نوٹس لیکر اصلاح کریں ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں