ڈسکہ سیالکوٹ روڈ بارش کے پانی سے تالاب بن گئی

ڈسکہ سیالکوٹ روڈ بارش کے پانی سے تالاب بن گئی

نالوں کی بندش کے با عث نکاسی نہ ہونے سے ایک فٹ سے زائد پانی جمع

سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )ڈسکہ انتظامیہ اور حلقہ این اے 73 اور پی پی 51 کے منتخب نمائندوں کی عدم توجہی کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ڈسکہ سیالکوٹ روڈ سٹی ہاؤسنگ سوسائٹی کے گیٹ سے لے کر قصبہ آڈھا سٹاپ تک رات بھر ہونے والی شدید بارش کے بعد نالوں اور بارش کا پانی جمع ہو گیا جس سے سڑک تالاب کا منظر پیش کرنے لگی۔ مقامی شہریوں کے مطابق نالوں کی بروقت صفائی نہ ہونے کے باعث گندا پانی سڑک پر ایک فٹ سے زائد کھڑا ہے جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے اور مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سڑک کے دونوں اطراف موجود نالوں میں گندگی اور رکاوٹوں کے باعث بارش کا پانی نکاسی نہ پا سکا اور نالوں کے گندے پانی کے ساتھ مل کر آبادی اور سڑک پر پھیل گیا۔

علاقہ مکینوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ گندے پانی کے مسلسل جمع رہنے سے ڈینگی، ملیریا اور دیگر خطرناک بیماریوں کے پھیلنے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ڈسکہ انتظامیہ فوری طور پر نکاسی آب کے انتظامات کرے اور نالوں کی مکمل صفائی یقینی بنائی جائے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہو سکے ۔واضح رہے کہ یہ علاقہ حلقہ این اے 73کی رکن قومی اسمبلی سیدہ نوشین افتخار اور حلقہ پی پی 51 کے رکن صوبائی اسمبلی و صوبائی وزیر بلدیات میاں ذیشان رفیق کے حلقہ انتخاب میں شامل ہے ، شہریوں کا کہنا ہے کہ بنیادی مسائل تاحال حل طلب ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں