گجرات چیمبر کے وفد کی ایم ڈی سوئی ناردرن سے ملاقات

 گجرات چیمبر کے وفد کی ایم ڈی سوئی ناردرن سے ملاقات

گجرات چیمبر کے وفد کی ایم ڈی سوئی ناردرن سے ملاقات عامر طفیل کی جائز مسائل کے حل ،صنعتوں کو سہو لیات فراہمی کی یقین دہانی

گجرات(سٹی رپورٹر )گجرات چیمبر آف کامرس کے صدر احمد حسن نے گروپ لیڈر حاجی ناصر محمود اور سابق چیئرمین پاٹری ایسوسی ایشن حاجی زاہد کے ہمراہ سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر عامر طفیل سے ملاقات کی۔ اجلاس کا مقصد پاٹری سیکٹر کو درپیش گیس سے متعلق مسائل اور حل پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔ وفد نے کالوپورہ، گیلانوالہ روڈ اور چناب آرچرڈ کے صنعتی علاقوں کیلئے پائپ لائن بچھانے کا منصوبہ مکمل کرنے پر شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے نئے صنعتی گیس کنکشنز کیلئے سکیورٹی 50 فیصد تک کم کرنے ، اضافی سکیورٹی رقم اقساط میں جمع کر انے کی سہولت فراہم کرنے اور صنعتی کنکشنز کی ملکیت کی منتقلی کے طریقہ کار کو آسان بنانے جیسے اقدامات کو بھی سراہا۔ وفد نے نشاندہی کی کہ کالوپورہ، گیلانوالہ روڈ اور چناب آرچرڈ میں انڈسٹریل کلسٹر پائپ لائن مکمل ہونے کے باوجود تاحال صنعتی کنکشنز کو نئی لائن پر منتقل نہیں کیا گیا۔ مزید برآں وہ صارفین جن کی اپنی ایم ایس پائپ لائنیں موجود ہیں اور جو اب کلسٹر لائن سے منسلک ہونا چاہتے ہیں، ان سے علیحدہ پی ای پائپ لائن بچھانے کے تمام اخراجات وصول کیے جا رہے ہیں جو صنعتکاروں کیلئے باعثِ تشویش ہے ۔ وفد نے پاٹر ی انڈسٹری کیلئے 24 گھنٹے گیس کی فراہمی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ۔منیجنگ ڈائریکٹر عامر طفیل نے وفد کو یقین دہانی کر ائی کہ جائز مسائل کے حل اور صنعتکاروں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات کئے جائیں گے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں