لالہ موسیٰ کی اہم گزرگاہ برسوں سے تعمیر و مرمت کی منتظر
صابری گڈز سے ایم بی گرلز ہائی سکول، جنجوعہ سٹریٹ تک راستہ خستہ حالی کا شکار
لالہ موسیٰ( نمائندہ دنیا )لالہ موسیٰ کی اہم گزرگاہ کئی سال سے تعمیر و مرمت کی منتظر،صابری گڈز سے ایم بی گرلز ہائی سکول، گوشت مارکیٹ اور جنجوعہ سٹریٹ تک راستہ خستہ حالی اور تجاوزات کا شکار ہے جس کے باعث روزانہ سینکڑوں طالبات سمیت مرد و خواتین کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے ، جی ٹی روڈ پر صابری گڈز سے گورنمنٹ ایم پی گرلز ہائی سکول، گوشت مارکیٹ اور جنجوعہ سٹریٹ تک جانے والا یہ راستہ شہر کی اہم گزرگاہوں میں شمار ہوتا ہے ،اس راستے سے روزانہ بڑی تعداد میں طالبات اپنے تعلیمی اداروں کا رخ کرتی ہیں جبکہ شہریوں کی ایک بڑی تعداد بازار اور جی ٹی روڈ کی جانب آمدورفت کے لیے بھی اسی راستے کو استعمال کرتی ہے ، طویل عرصے سے مناسب تعمیر و مرمت نہ ہونے کے باعث مختلف مقامات پر سڑک کی حالت خراب ہے ، جس سے پیدل چلنے والوں اور دیگر شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے ،گزرگاہ کے اطراف تجارتی سرگرمیوں میں اضافے کے ساتھ تجاوزات بھی بڑھ گئی ہیں۔ دکانوں کے سامنے سامان اور دیگر رکاوٹوں کے باعث پیدل چلنے کے لیے جگہ محدود ہو چکی ہے جس سے بالخصوص سکول جانے اور چھٹی کے اوقات میں طالبات کو مشکلات پیش آتی ہیں،نکاسیٔ آب کا مناسب انتظام نہ ہونا بھی اس گزرگاہ کا ایک اہم مسئلہ ہے ۔ بارش کے دوران پانی جمع ہونے سے آمدورفت متاثر ہونے کے ساتھ سڑک کو مزید نقصان پہنچنے کا خدشہ رہتا ہے ۔ شہری حلقوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اہم گزرگاہ کی تعمیر و مرمت کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments