وزیرآباد:تجارتی مراکز میں گدا گروں کی بھرمار ،تاجر پریشان

وزیرآباد:تجارتی مراکز میں گدا گروں کی بھرمار ،تاجر پریشان

ہجوم کے باعث جیب تراشی اور رقم یا پرس چوری کے خدشات ، کارروائی کا مطالبہ

وزیرآباد (ڈسٹرکٹ رپورٹر) شہر کے مختلف بازاروں، چوراہوں، گلی محلوں اور تجارتی مراکز میں دوسرے اضلاع اور دور دراز علاقوں سے آنے والے پیشہ ور گداگروں، خصوصاً خواتین اور بچوں کی بڑھتی ہوئی تعداد شہریوں اور تاجروں کیلئے تشویش کا باعث بن گئی ۔ شہریوں نے پولیس کی موجودہ حکمتِ عملی پر بھی سوالات اٹھاتے ہوئے مؤثر کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق صبح سویرے ہی مختلف مقامات پر گداگروں کے گروہ سرگرم ہو جاتے ہیں اور صدقہ، خیرات، بیماری، غربت اور دیگر مجبوریوں کا حوالہ دے کر شہریوں سے رقم طلب کرتے ہیں۔ شہریوں اور دکانداروں کا کہنا ہے کہ بعض اوقات متعدد گداگر ایک ساتھ شہریوں کو گھیر لیتے ہیں جس سے خریداری کے لیے آنے والے افراد کو ذہنی کوفت کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ ہجوم کے باعث جیب تراشی اور رقم یا پرس چوری کے خدشات بھی پیدا ہوتے ہیں۔کاروباری حلقوں کے مطابق بازاروں میں گداگروں کی بڑھتی ہوئی موجودگی سے نہ صرف شہریوں کو مشکلات پیش آ رہی ہیں بلکہ تجارتی ماحول بھی متاثر ہو رہا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بعض افراد کے مستقل رہائش اور شناخت سے متعلق معلومات بھی واضح نہیں ہوتیں جس کے باعث کسی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں ان کی شناخت مشکل ہو سکتی ہے ۔اہلِ علاقہ، تاجروں اور سماجی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ پیشہ ور گداگری کی روک تھام کے لیے مؤثر حکمتِ عملی اختیار کی جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...