ملکوال، سرگودھا شٹل ٹرین بند، ہزاروں مسافر خوار

ملکوال، سرگودھا شٹل ٹرین بند، ہزاروں مسافر خوار

ریلوے نے ملکوال سے پنڈدادنخان کیلئے واحد مسافر ٹرین کا ٹرپ بند کر دیا ،بوگیاں نہ ہونے کی وجہ سے ٹرین بند کی گئی ، مسلہ حل ہونے پربحال کر دی جائیگی:ترجمان

ملکوال(نمائندہ دنیا )محکمہ ریلوے نے لالہ موسیٰ سے براستہ ملکوال، سرگودھا تک چلنے والی شٹل پسنجرٹرین بند کر دی، روزانہ سفر کرنے والے ہزاروں مسافر وں کو مشکلات کا سامنا ۔ ریلوے ذرائع کے مطابق شٹل ٹرین صبح لالہ موسیٰ سے چلتی اور صبح 8 بجے ملکوال پہنچ کر پھر سرگودھا روانہ ہو جاتی تھی۔ سرگودھا سے واپس ملکوال سٹیشن پر دن 12:30 بجے پہنچ کر پنڈدادنخان کیلئے روانہ ہوتی تھی۔ یاد رہے کہ ملکوال اور پنڈ دادنخان کے درمیان چلنے والی واحد ٹرین تھی جو 24 گھنٹے میں پنڈدادنخان کیلئے صرف ایک ٹرپ چلتی تھی۔ محکمہ ریلوے نے ملکوال سے پنڈدادنخان کیلئے واحد مسافر ٹرین کا اکلوتا ٹرپ بند کر دیا جس اب ملکوال اور پنڈ دادنخان ریلوے سیکشن بالکل بند ہوگیا ۔ واضح رہے کہ ملکوال سرگودھا لالہ موسیٰ ریلوے سیکشن پر پہلے ہی محکمہ نے اکثر ٹرینیں بند کر دی ہیں۔

اب تک اس ریلوے سیکشن پر لالہ موسیٰ اور سرگودھا کے درمیان براستہ ملکوال صرف دو لوکل روٹ ٹرینیں چلتی تھیں۔ شٹل ٹرین کی بندش پر مرکزی انجمن تاجران اور انجمن تحفظ حقوقِ مسافراں نے اسے عوام کش فیصلہ قرار دیا۔ مرکزی انجمن تاجران کے سینئر نائب صدر عدنان محمود چودھری اور نائب صدر خرم شہزاد بھلر نے کہا کہ ٹرین کا سفر لوگوں کیلئے سستا اور محفوظ ہوتا ہے لیکن راولپنڈی ریلوے ڈویژن کی افسر شاہی نے مہنگائی کے دور میں مسافروں سے یہ حق چھین لیا ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر ریلوے حنیف عباسی صورتحال کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ٹرین سروس کو بحال کریں۔ محکمہ ریلوے کے ترجمان نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ ٹرین کیلئے بوگیاں نہ ہونے کی وجہ سے بند کیا گیا ، جونہی بوگیوں کا مسلہ حل ہوا تو ٹرین بحال کر دی جائیگی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...