جماعت اسلامی عوامی ریلیف کیلئے جدوجہد کر رہی : طارق سلیم
پی پی اورن لیگ کی بلیک میلنگ جمہوریت کیلئے تباہ کن :رہنماجماعت اسلامی
گجرات (سٹی رپورٹر) جماعت اسلامی پنجاب کے امیر ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی ملک و قوم کی خیرخواہ ہے اور اس کی صالح قیادت ملک کے لیے نیک شگون ہے ۔ دینی مدارس اسلام کے قلعے اور دینی جماعتیں ملک کی اسلامی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی امین ہیں۔ ختم نبوت ہمارے ایمان کا جزو ہے اور ملک میں غیر اسلامی شعائر کے خلاف دینی جماعتیں متحد ہیں۔ ملک کے مسائل بڑھتے جا رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی باہمی بلیک میلنگ جمہوریت اور پارلیمنٹ کے لیے تباہ کن ہے ۔ خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کو مسترد کرتے ہیں۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں ناکام طرز حکمرانی کے باعث عوام میں نفرت کی علامت بن چکی ہیں۔
ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا کہ پیٹرول پر لیوی ٹیکس صریحاً حکومتی بھتہ خوری ہے۔ جماعت اسلامی پیٹرول لیوی کے خاتمے ، بجلی کی قیمتوں میں کمی اور آئی پی پیز کے خاتمے کے لیے عملی جدوجہد کر رہی ہے ۔ 3 نومبر کو حکومتی کمیٹی اور جماعت اسلامی کی کمیٹی کا حتمی اجلاس ہوگا۔ جماعت اسلامی کا واحد مقصد عوام کو ریلیف دلانا ہے، اب گیند حکومت کے کورٹ میں ہے کہ وہ آسانی اور عزت کی لاج رکھتی ہے یا نہیں۔انہوں نے کہا کہ ہائبرڈ نظام کے لیے مہرے ، آلہ کار اور سہولت کار استعمال کیے جا رہے ہیں۔ اسٹیبلشمنٹ اب اگلے مراحل کی طرف بڑھ رہی ہے، جس کے حصول کے لیے ہائبرڈ نظام کے پرزوں کو حکم ماننا ہوگا یا گھر جانا پڑے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments