والد اور چشم دید گواہ منحرف،بہن کے قتل کی ملزمہ بری
ٹک ٹاک ویوز اور آمد ن کے تنازع پر کائنات نے مناہل کو قتل کر دیا تھا
گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر )ٹک ٹاک ویڈیوز کے ویوز اور آمدن کے تنازع پر بہن کے ہاتھوں بہن کے قتل کے مقدمے میں اہم پیشرفت ، مقتولہ کے والد اور دونوں نامزد چشم دید گواہ سیشن عدالت میں سابق بیانات سے منحرف ہوگئے ، فاضل جج ندیم طاہر سید نے ملزمہ کائنات کو بری کر دیا۔مقدمہ کے مطابق 30 اکتوبر کو لدھے والہ وڑائچ میں دو بہنوں کائنات اور مناہل عرف ایشا کے درمیان ٹک ٹاک ویڈیوز کے ویوز اور ہونے والی آمدن پر جھگڑا ہوا تھا ،اس دوران کائنات نے مبینہ طور پر چھری کا وار کرکے اپنی بہن مناہل کو قتل کر دیا۔ مقتولہ کے والد عبدالشکور کی مدعیت میں تھانہ لدھے والا وڑائچ میں مقدمہ درج کیا گیا جس میں مدعی نے اپنے دونوں دامادوں کو چشم دید گواہ نامزد کیا، پولیس نے ملزمہ کائنات کو گرفتار کرکے آلہ قتل بھی برآمد کیا اور جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا تھا۔ دورانِ سماعت مقتولہ کے والد اور دونوں چشم دید گواہوں نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ندیم طاہر سید کی عدالت میں سابق بیانات سے انکار کرتے ہوئے استغاثہ کے مؤقف کی تائید نہیں کی۔ مقتولہ کے والد نے بیان دیا کہ اس نے مقدمہ درج نہیں کر ایا بلکہ پولیس نے سفید کاغذات پر انگوٹھے لگوا کر مرضی سے تحریر تیار کی، اسے ملزمہ کائنات کے بری کئے جانے پر کوئی اعتراض نہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments