گرین بسوں کے روٹس بڑھانے کا فیصلہ :مزید 10گاڑیاں پہنچ گئیں
مرحلہ وار شہر کے 100فیصد علاقوں تک جدید اور ماحول دوست سفری سہولیات میسر ہونگی،جلد نئے روٹس پر بھی سروس شروع ہوگی
گوجرانوالہ( سٹاف رپورٹر)گرین بسوں کے روٹس کی تعمیر وترقی کا فیصلہ، مزید 10 نئی گرین الیکٹرک بسیں گوجرانوالہ پہنچ گئیں، جلد نئے روٹس پر سروس شروع ہوگی، مرحلہ وار شہر کے 100 فیصد علاقوں تک جدید اور ماحول دوست سفری سہولیات میسر ہونگی۔ ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے شہر کے مختلف علاقوں اور شاہراہوں کا دورہ کرتے ہوئے صفائی ستھرائی، میٹرو بس منصوبے ، ترقیاتی کاموں اور شہر کی خوبصورتی کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا۔ جی ٹی روڈ، ماڈل ٹاؤن، گوندلانوالہ روڈ، دھلے چوک اور راجکوٹ روڈ کے دوروں کے دوران انہوں نے متعلقہ محکموں کو صفائی کے معیار میں بہتری، ٹف ٹائلز کی تنصیب، سڑکوں کی مرمت، تجاوزات کے خاتمے اور تعمیراتی مقامات پر حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شہر کی اہم شاہراہوں کے اطراف موجود کچی جگہوں کو ٹف ٹائلز سے کور کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کا مقصد گردوغبار کا خاتمہ ہے ۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق مرحلہ وار گرین الیکٹرک بس سروس کا دائرہ کار شہر کے ان تمام علاقوں تک بڑھایا جائے گا جہاں یہ سہولت دستیاب نہیں ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments