علما و مشائخ وفد کی ڈی سی سے ملاقات‘ امن کے قیام پر اتفاق

علما و مشائخ وفد کی ڈی سی سے ملاقات‘ امن کے قیام پر اتفاق

قومی امن کونسل انتہاپسندی، فرقہ واریت خاتمے میں بھرپور کردار ادا کریگی:حسین بہادر

حافظ آباد (نمائندہ دنیا) پروفیسر ڈاکٹر پیر محمد اکرم چشتی چیئرمین قومی علماء و مشائخ کونسل پاکستان کی سربراہی میں علماء و مشائخ، تعلیمی، سماجی اور مذہبی تنظیموں کے نمائندہ وفد نے ڈپٹی کمشنرسید حسین بہادر سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ضلع میں امن و امان کے قیام، مذہبی رواداری، بین المسالک ہم آہنگی، تعلیم و تحقیق کے فروغ اور تعمیر انسانیت کے لیے ریاستی اداروں اور سول سوسائٹی کے مختلف فورمز کے اشتراک سے مشترکہ جدوجہد کرنے پر اتفاق کیا گیا۔اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر پیر محمد اکرم چشتی نے ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ قومی امن کونسل معاشرے سے انتہاپسندی، انتشار پسندی اور فرقہ واریت کے خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی، تاکہ پاکستان کو امن و سلامتی کا گہوارہ بنایا جا سکے ۔ ڈپٹی کمشنر حافظ آباد نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ امر خوش آئند ہے کہ سول سوسائٹی کے مختلف فورمز ضلع کی تعلیمی، سماجی، مذہبی اور معاشرتی تعمیر و ترقی کے لیے سرگرم عمل ہیں۔ ریاست ایسے تمام مثبت اقدامات کی حوصلہ افزائی اور ہر ممکن معاونت فراہم کرے گی۔

مکتب فکر اہل حدیث کے نمائندہ اور حافظ آباد علماء و مشائخ کونسل کے چیئرمین علامہ عطاء اﷲ محمدی نے کہا کہ وہ سنی اور شیعہ مکاتب فکر کے درمیان اختلافات کے خاتمے اور باہمی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے علمی و عملی کردار ادا کر رہے ہیں۔ مکتب فکر دیوبند کے نمائندہ اور علماء و مشائخ کونسل کے صدر علامہ قاسم گورائیہ نے کہا کہ انتہاپسندی کا خاتمہ وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ مکتب فکر اہل تشیع کے نمائندہ اور سینئر وائس چیئرمین علامہ ذیشان حیدر جوادی نے کہا کہ فرقہ وارانہ مسائل کو ہوا دینا بعض مفاد پرست عناصر کا شیوہ ہے ، اہل علم کو جہالت کے خلاف متحد ہو کر کردار ادا کرنا ہوگا۔مصالحتی کمیٹی کے ضلعی چیئرمین میاں عصمت اﷲ قادری نے کہا کہ پنچایت نظام کو فعال بنا کر لڑائی جھگڑوں کے بجائے افہام و تفہیم اور باہمی مصالحت کے ذریعے مسائل حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...