علی پورچٹھہ : گرلز ہائی سکول کے اطراف تجاوزات قائم
راستہ محدود ہونے سے طالبات کو مشکلات ،بلدیہ کاررو ائی نہیں کر رہی :پرنسپل
علی پورچٹھہ (تحصیل رپورٹر )گرلز ہائی سکول تجاوزات کی زد میں آگیا، چھٹی کے وقت طالبات کو دھکم پیل کا سامنا۔ بلدیہ حکام کی کارکردگی پر سوالات ، شہریوں نے بلدیہ کی تجاوزات کے خلاف کارروائیوں کو جانبدارانہ قرار دیتے ہوئے سکول کو تجاوزات سے پاک کرنے کا مطالبہ کر دیا ۔بتایا گیا ہے کہ میونسپل کمیٹی علی پورچٹھہ کا عملہ شہر کے مختلف علاقوں میں تجاوزات کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے تصاویر بنا کر اعلیٰ افسر وں کو سب اچھا کی رپورٹ پیش کر دیتا ہے تاہم گورنمنٹ گرلز ہائی سکول کی دیوار کے ساتھ قائم کھوکھوں، ٹھیلوں اور دیگر تجاوزات کے خلاف مؤثر کارروائی تاحال نظر نہیں آ رہی ،تجاوزات سے نہ صرف سکول کی عمارت کا بیرونی حسن متاثر ہو رہا ہے بلکہ طالبات کیلئے محفوظ راستہ بھی محدود ہو چکا ہے ۔سکول پرنسپل نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ سنگین صورتحال کے حوالے سے متعدد مرتبہ بلدیہ حکام کو درخواستیں کی جا چکی ہیں لیکن تاحال شنوائی نہیں ہوئی ،چھٹی کے وقت طالبات کو پیش آنے والی مشکلات باعث تشویش ہیں۔دوسری جانب شہریوں نے سوال اٹھایا ہے کہ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر روزانہ تجاوزات کے خلاف کارروائیاں کرتے دکھائی دیتے ہیں لیکن تعلیمی ادارے کے مرکزی راستے کو تجاوزات سے پاک کیوں نہیں کرایا جا رہا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments