سمبڑیال : تحصیل ہسپتال میں آرتھوپیڈک سرجن کی عدم دستیابی، مریض علاج سے محروم
160دیہات کو طبی سہولیات فراہم کر نے والے مرکز کے آر تھوپیڈک سرجن ایک سال کی چھٹی پر چلے گئے ، ڈیڑھ ماہ سے ہڈیوں اور جوڑوں کے مریض خوار ،متاثرین کا فوری تعیناتی کا مطالبہ
سمبڑیال(نامہ نگا ر) تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال میں آرتھوپیڈک سرجن کی عدم دستیابی، مریض علاج کی سہولت سے محروم ہوگئے ۔ اطلاعات کے مطابق ہسپتال میں تعینات آرتھوپیڈک سرجن ایک سال کی چھٹی پر چلے گئے ہیں جس کے نتیجے میں گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے ہڈیوں اور جوڑوں کے امراض میں مبتلا مریض علاج معالجے کی سہولت سے محروم ہیں، ٹی ایچ کیو ہسپتال سمبڑیال تقریباً 160 دیہات کے عوام کو طبی سہولیات فراہم کرنے کا اہم مرکز ہے ، دور دراز علاقوں سے لوگ سفر کرکے ہسپتال پہنچتے ہیں لیکن آرتھوپیڈک سرجن کی عدم موجودگی کے باعث انہیں مایوس ہو کر لوٹنا پڑتا ہے ، اہلِ علاقہ کی جانب سے ہسپتال انتظامیہ کو متعدد بار اس مسئلے کی نشاندہی کی جا چکی ہے تاہم تاحال کوئی مستقل انتظام سامنے نہیں آیا۔شہریوں کا کہنا ہے کہ سرکاری ہسپتال میں ماہر ڈاکٹر کی عدم موجودگی کے باعث مریضوں کو نجی ہسپتالوں کا رخ کرنا پڑتا ہے جو ہر ایک کی استطاعت میں نہیں، شہریوں نے سی ای او ہیلتھ اور سپر نٹنڈنٹ سے آرتھو پیڈک سرجن کی فوری تعیناتی کا مطالبہ کیا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments