علی پورچٹھہ:سیم نالے کی تعمیر کا منصوبہ 3سال سے نا مکمل
آلودہ پانی، تعفن اور مکھی مچھر کی افزائش سے اہل علاقہ کی مشکلات میں اضافہ
علی پورچٹھہ (تحصیل رپورٹر )علی پور چٹھہ میں 10کروڑ روپے سے زائد کا سیم نالہ منصوبہ 3سال سے نامکمل ، ٹھیکیدار مبینہ طور پر کام چھوڑ کر غائب ہو گیا ، شہر کا وسط بدستور گندگی اور تعفن کی لپیٹ میں ہے ، آلودہ پانی، تعفن اور مکھی مچھروں کی افزائش نے اہل علاقہ کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ۔ شہر علی پور چٹھہ کے وسط سے گزرنے والا سیم نالہ کئی دہائیوں سے شہریوں کیلئے وبال جان بنا ہوا تھا۔ اہل علاقہ کے مسلسل احتجاج اور مطالبات کے بعد محکمہ ایریگیشن ہیڈکوارٹر زفیصل آباد کی جانب سے اس منصوبے کیلئے 10کروڑ 11 لاکھ روپے کی منظوری دی گئی اور تعمیراتی کام شروع کیا گیا تاہم تین سال گزرنے کے باوجود منصوبہ پایہ تکمیل تک نہ پہنچ سکا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ منصوبے کے تحت شہری آبادی سے باہر نالے کا کچھ حصہ تعمیر کر دیا گیا جبکہ شہر کے وسط میں واقع اہم حصہ ادھورا چھوڑ دیا گیا ۔ شہریوں نے وزیراعلیٰ ، ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ اور محکمہ ایریگیشن کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سیم نالہ منصوبے کی فوری انکوائری کرائی جائے ، تعمیراتی معیار اور فنڈز کے استعمال کا آڈٹ کیا جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments