آم کے باغات کو سردی سے بچانے کیلئے اقدامات کی ہدایت

آم کے باغات کو سردی سے بچانے کیلئے اقدامات کی ہدایت

آبپاشی، دھواں اور حفاظتی تدابیر اختیار کی جائیں، محکمہ زراعت فیلڈ میں متحرک

ملتان (وقائع نگار خصوصی) ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے باغبانوں کو ہدایت کی ہے کہ آم کی فصل کو سردی اور کورے کے نقصانات سے بچانے کے لئے درختوں کے نیچے پانی کا چھڑکاؤ کریں تاکہ زمین میں نمی برقرار رہے ، تاہم زمین میں مناسب وتر موجود ہونے کی صورت میں آبپاشی سے گریز کریں۔ آم کے چھوٹے پودوں کو شیشم کی چھاپوں یا پلاسٹک شیٹ سے ڈھانپ کر سردی سے محفوظ رکھا جا سکتا ہے ، جبکہ باغات میں دھواں کرنے سے بھی سردی کے اثرات کم کرنے میں مدد ملتی ہے ۔ترجمان کے مطابق باغات میں درختوں کی چھتری کے نیچے 80 سے 100 کلوگرام گلا سڑا گوبر یا دیگر نامیاتی مواد بکھیر دیں۔

آم کے درختوں پر موسم سرما میں قبل از وقت بور آنے سے روکنے کے لئے آبپاشی بند رکھنا ضروری ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اگر پھل توڑنے کے فوراً بعد فاسفورس اور پوٹاش کی کھاد استعمال نہیں کی گئی تو دسمبر میں گلے سڑے گوبر کے ساتھ ملا کر ڈال دیں۔ پودوں کو ٹھنڈی ہواؤں سے بچانے کے لئے چاروں اطراف حفاظتی شیلڈ لگائیں تاکہ جڑیں محفوظ رہیں۔کورے کے نقصانات سے بچاؤ کے لئے درختوں کے تنوں پر بورڈو مکسچر کا پیسٹ لگائیں یا محکمہ زراعت کے مقامی عملے کے مشورے سے مناسب زہر استعمال کریں۔ آم کے تیلے کے تدارک کے لئے درختوں کے موٹے تنوں اور ٹہنیوں پر مناسب کیڑے مار دوا کا سپرے کریں تاکہ چھال میں چھپے کیڑوں کا خاتمہ ہو سکے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...