نالہ بھمبر پر منی ڈیم فوری تعمیر کیا جائے ، چوہدری علی اختر
تجاوزات کے باعث بارشوں میں لوگوں کا نقصان ہوتا ہے ، صحافیوں سے گفتگو
بھمبر( نمائندہ دنیا)حکومت نالہ بھمبر پر منی ڈیم کی تعمیر کے لیے فوری طور پر عملی کام کا آغاز کرے ،حالیہ بجٹ میں منی ڈیم کی فزیبلٹی کی تیاری کے لیے فنڈز رکھے جا چکے ہیں،لیکن ابھی تک کوئی پیش رفت نہیں ہوئی ،حالیہ بارشوں سے بھمبر نالے کی قریبی آبادی بری طرح متاثر ہوئی اگر آئندہ چند سالوں میں کوئی ٹھوس اقدامات نہ اٹھائے گئے تو لوگوں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا ان خیالات کا اظہار سابق امید وار اسمبلی حلقہ بھمبر چوہدری محمد علی اختر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیاانہوں نے کہا کہ نالہ بھمبر تجاوزات کی زد میں ہے قبضو ں کے ذریعے پہلے ہی نالے کو تنگ کیا جا چکا ہے جس سے پانی آنے کی صورت میں ہر سال شہریوں کا نقصان ہو تا ہے ،اب نئی انتظامیہ کو اس مسئلہ پر توجہ دینی چا ہئے ، نقصانات سے بچنے کیلئے بھمبر نالے پر منی ڈیم ہی مسئلے کا مستقل حل ہے ، ڈیم کی تعمیر سے بجلی کی ضرورت بھی پوری ہو گی اور بھمبر کے زرعی علاقوں کو سارا سال پانی مہیا ہو سکتا ہے انہوں نے کہا کہ اس سے نواحی علاقوں میں زیر زمین پانی کی سطح بھی بلند ہونے سے جنگلات میں اضافہ ہو گا ۔