سلمان صفدر کی عمران خان سے طویل ملاقات، رپورٹ کل سپریم کورٹ میں پیش کرینگے
راولپنڈی: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ کی جانب سے فرینڈ آف دی کورٹ مقرر کیے جانے والے بانی پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے عمران خان سے ملاقات کرلی۔
بیرسٹر سلمان صفدر کی عمران خان سے ملاقات قریباً 3 گھنٹے تک جاری رہی، ملاقات کے بعد بیرسٹر سلمان صفدر اڈیالہ جیل سے واپس روانہ ہو گئے اور میڈیا سے باضابطہ گفتگو نہیں کی۔
تاہم مختصر گفتگو میں انہوں نے کہا کہ عدالتی حکم کے مطابق خان صاحب تک مکمل رسائی دی گئی، رپورٹ سپریم کورٹ میں داخل کرانے تک مناسب نہیں کچھ کہوں ، دیکھ لیں تین گھنٹے کے بعد باہر آیا ہوں، خان صاحب کی صحت ٹھیک ہے۔
اطلاعات کے مطابق بیرسٹر سلمان صفدر ملاقات کی تفصیلی رپورٹ کل سپریم کورٹ میں پیش کریں گے۔
واضح رہے کہ قبل ازیں سپریم کورٹ نے توشہ خانہ فوجداری کیس کے ٹرائل کے خلاف دائر اپیلوں پر سماعت کے دوران بیرسٹر سلمان صفدر کو بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی اجازت دیتے ہوئے انہیں عدالتی نمائندہ مقرر کیا تھا۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے حکم دیا کہ سلمان صفدر جیل جا کر بانی پی ٹی آئی عمران خان کی حالتِ زار اور انہیں دستیاب سہولیات کے حوالے سے تفصیلی تحریری رپورٹ پیش کریں۔
عدالت نے سپرنٹنڈنٹ جیل سے بھی بانی پی ٹی آئی سے متعلق رپورٹ طلب کر لی، چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ کل سلمان صفدر ملاقات کے بعد رپورٹ پیش کریں، ہم رپورٹ دیکھ کر پرسوں سماعت کریں گے، بعد ازاں عدالت نے سماعت 12 فروری تک ملتوی کر دی۔