قائداعظم انٹرنیشنل ہسپتال معیاری, جراثیم سے پاک شفا خانہ ہے, ڈاکٹر شوکت بنگش

قائداعظم انٹرنیشنل ہسپتال معیاری, جراثیم سے پاک شفا خانہ ہے, ڈاکٹر شوکت بنگش

جدید ترین مشینوں سے آراستہ عالمی معیار کے ہسپتال میں مریضوں کا محفوظ اور صحت مند ماحول میں علاج کیا جاتا ہے

ایسے چند ہسپتال اور بن گئے تو لوگوں کو کروڑوں روپے خرچ کرکے بیرون ملک نہیں جانا پڑے گا، سی ای او کی دنیا سے گفتگو اسلام آباد(انٹرویو ، ایس ایم زمان۔ تصاویر :وہاب سلیم چغتائی)قائداعظم انٹرنیشنل ہسپتال کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر شوکت بنگش نے کہاکہ پاکستان میں امریکہ کے صف اول کے ہسپتالوں کے برابر سہولیات سے آراستہ ہسپتال کے قیام کا مقصد پاکستانی قوم کی خدمت ہے تاہم چند افراد اورادارے ملک کی ترقی اور مریضوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی میں مسائل پیداکررہے ہیں۔ قائداعظم انٹرنیشنل ہسپتال میں جدید ترین مشینیں نصب ہیں اور یہ پاکستان کاپہلا جراثیم اور انفیکشن سے پاک ہسپتال ہے جہاں مریضوں کا محفوظ ترین ، صحت مند ماحول میں علاج کیا جاتا ہے ۔ قائد اعظم انٹرنیشنل جیسے چند ہسپتال ملک کے دیگر شہروں میں تعمیر ہو جا ئیں تو پاکستانیوں کو کروڑوں روپے خرچ کرکے بیرون ملک علاج کیلئے جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی ، ہم ملک میں بہترین ہسپتال کے بعد بہترین میڈیکل کالج اور نرسنگ کالج بھی بنا ئیں گے ۔ان خیالات کااظہار انہوںنے دنیاکوخصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر شوکت بنگش نے کہا کہ قائداعظم انٹرنیشنل ہسپتال کی تعمیر 2004میں پانچ ایکٹر زمین پر شروع کی گئی تھی جس کاڈیزائن اور سٹرکچر میں نے خود بنایاہے ۔انہوںنے کہاکہ ہسپتال کی تعمیر ایسے کی گئی ہے کہ دن کی روشنی زیادہ سے زیادہ استعمال ہوا، عوام کو مصنوعی روشنیوں سے بچایاجائے اورتازہ ہوا زیاد ہ سے زیادہ میسر آسکے ۔ ڈاکٹر شوکت علی بنگش نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہسپتال پراب تک چار ارب روپے لاگت آچکی ہے ،ساڑھے چار لاکھ مربع فٹ 10 منزلہ عمارت تعمیر کر لی گئی ہے جو کہ 10ریکٹر سکیل تک زلزلہ برداشت کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔ہسپتال 400بیڈز پرمشتمل ہے اور 150بیڈز کی اضافی گنجائش موجود ہے اس میں تمام طبی شعبے قائم کئے گئے ہیں اور جلد ہی جگر ٹرانسپلانٹ سینٹر بھی کام شروع کر دے گا ، اس ہسپتال میں 11 آپریشن تھیٹر ز ہیں جن کاتما م نظام کمپیوٹرائز ڈ ہے ، ہسپتال کے سی سی یومیں جراثیم کے خاتمے کیلئے خاص فلٹریشن شعاعوں کانظام رکھاگیا ہے او رایمرجنسی میں مریضوں کیلئے خصوصی آئسولیشن بیڈز مختص ہیں جبکہ ہسپتال میں سکیو ر ٹی کاخاص خیال رکھا گیا ہے ، 150کے قریب سکیور ٹی کیمرے نصب اور 50سے زائد سکیور ٹی گارڈ موجود ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں