کشمیر الیکشن، ن لیگ کے مرتضیٰ گیلانی سے معاملات طے

کشمیر الیکشن، ن لیگ کے مرتضیٰ گیلانی سے معاملات طے

فاروق حیدر کارکنوں سے مشاورت کے بعد انہیں ٹکٹ جاری کرینگے

راولپنڈی (خاور نواز راجہ) مسلم لیگ ن کے آزادکشمیر الیکشن میں مظفرآباد لچھراٹ سے تحریک انصاف کے رہنما پیر مرتضیٰ گیلانی سے معاملات طے پا گئے، کاغذات نامزدگی سے قبل لچھراٹ کے کارکنوں کی مشاورت کے بعد وزیراعظم آزادکشمیر فاروق حیدرخان انہیں ٹکٹ جاری کریں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ چوہدری شہزادسابق وزیر کی جانب سے مسلم لیگ ن کو چھوڑ کر تحریک انصاف میں شامل ہونے کے بعد حلقہ لچھراٹ خالی ہوا تھا، اس حلقے میں مسلم لیگ ن نے مضبوط امیدوار میدان میں اتارنے کیلئے وزیراعظم فاروق حیدر سے مشاورت کی اور حلقے میں ٹکٹ کے فیصلے کا اختیار انہیں دے دیا، سابق وزیر پیر مرتضی گیلانی کی فاروق حیدر سے ملاقات بھی ہوئی جس میں معاملات طے پا گئے، کاغذات نامزدگی سے قبل وزیراعظم لچھراٹ سے ن لیگی شخصیات کو اعتماد میں لینے کے بعد پیر مرتضیٰ گیلانی کو ٹکٹ جاری کرینگے، اس حلقے میں چوہدری شہزاد کے تحریک انصاف میں جانے سے ان کیخلاف حلقے میں مشکلات بڑھ گئی ہیں، تحریک انصاف کے ٹکٹ کے خواہشمند تین امیدواروں نے تاحال ان کی حمایت نہیں کی۔ اس حلقے میں مرتضیٰ گیلانی کے میدان میں آنے سے اصل مقابلہ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کے درمیان ہو گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں