متبادل ذرائع سے بجلی کی پیداوارپرانحصاربڑھ رہاہے ،حماداظہر

متبادل ذرائع سے بجلی کی پیداوارپرانحصاربڑھ رہاہے ،حماداظہر

ڈیمز سے سستی بجلی پیدا کرکے درآمدی فیول پرانحصار کم کرنے کی ضرورت ہے،حکومت ڈیمز بنانے پر توجہ دے رہی ہے ، وفاقی وزیرتوانائی کاتقریب سے خطاب

اسلام آباد (وقا ئع نگارخصوصی)وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا کہ دنیا بھر میں متبادل ذرائع سے بجلی کی پیداوار پر انحصار بڑھ رہا ہے ، موسمیاتی تبدیلی کے بعد فرنس آئل پٹرولیم فیول پر انحصار ختم کیا جارہاہے ۔ان خیالات کااظہاروفاقی وزیر توانائی نے انرجی اپڈیٹ اور پی پی آئی بی کے تحت منعقدہ پہلی عالمی ہائیڈرو پاور کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاموجودہ حکومت ڈیمز بنانے پر بہت زیادہ توجہ دے رہی ہے ، ضروری ہے کہ ڈیمز سے سستی بجلی پیدا کرکے درآمدی فیول پرانحصار کم کریں اور ڈیموں کے ذریعے ہم اپنی زمین فوڈ سکیورٹی کے لئے بھی بہتر استعمال کرسکیں گے ۔وزیر توانائی نے مزید کہا کہ ڈیمز سے مستقبل میں ہمیں سستی بجلی دستیاب ہوگی ،پاکستان میں پانی سے 64 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت ہے ،اس وقت ملکی توانائی کا 29 فیصد حصہ پانی سے بجلی کی پیداوار کا ہے ۔ حماد اظہر نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے درآمدی فیول کے منصوبوں پر توجہ مرکوز رکھی، سال 2030 تک ملکی توانائی میں پن بجلی کا حصہ 29 فیصد سے 43 فیصد تک بڑھایا جائے گا، پن بجلی کے فروغ کیلئے ملکی تاریخ میں پہلی بار گلگت بلتستان پاور پالیسی تشکیل دی جا رہی ہے ۔اس موقع پر چیئرمین نیپرا تو صیف فاروقی ،پی پی آئی بی کے سربراہ شاہجہاں مرزا ،سی ای او پیڈو انجینئر نعیم خان اوردیگر نے بھی اظہارخیال کیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں