پمز میں صحت سہولت پروگرام کے تحت ہر مریض کا مفت علاج کیا جائیگا،ڈاکٹر نعیم ملک

پمز میں صحت سہولت پروگرام کے تحت ہر مریض کا مفت علاج کیا جائیگا،ڈاکٹر نعیم ملک

اسلام آباد(نیوزرپورٹر) ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز ڈاکٹر نعیم ملک نے کہا ہے کہ آئندہ دو سال تک صحت سہولت پروگرام کے تحت ہسپتال میں ہر مریض کا علاج مفت کیا جائے گا۔ پمز ہسپتال کو جدید بنانے کیلئے تجاویز تیار کررہے ہیں۔

 مریضوں کو مفت علاج اور بہترین سہولیات کی فراہمی ترجیجات ہیں اور ہسپتال کی سکیورٹی کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات کررہے ہیں۔ پمز ہسپتال میں بچوں کی کارڈیک سرجری اور کینسر سینٹر سمیت نئے شعبوں کے قیام کیلئے نئے منصوبے لائے جارہے ہیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے دنیا کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔ ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر نعیم ملک نے کہا کہ جدید تقاضوں کے تحت نئے شعبوں کاقیام وقت کی ضرورت ہے جس کیلئے تجاویز جلد وفاقی وزارت قومی صحت کو بھجوائیں گے ۔

ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اسلام آباد میں بچوں کے کارڈیک ڈاکٹر اور سرجن کی سہولت میسر نہیں جس کو مد نظر رکھتے ہوئے کارڈیک سینٹر میں چائلڈ کارڈیک شعبہ کا آغاز کیا جائے گا۔ ڈاکٹر نعیم ملک نے کہا کہ زچہ وبچہ ہسپتال توسیع منصوبہ اور خواتین ڈاکٹر کے ہاسٹل کا افتتاح جلد کردیاجائے گا۔ پمز ایمرجنسی کے نئے بلاک کی تعمیر جاری ہے جس سے شعبہ ایمرجنسی میں 170 بستروں کا اضافہ ہوجائے گا ۔ نئے ایمرجنسی بلاک میں سی ٹی سکین، ایکسرے ، ایم آرآئی، الٹراسائونڈ کی سہولیات ہوں گی جس سے وارڈ ز میں مریضوں کا رش کم ہوگا۔ڈاکٹر نعیم ملک نے کہا کہ ہسپتال کا آئندہ مالی سال 2023-2024 کیلئے بجٹ چھ تا سات ارب روپے کی تجویز ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں کہا کہ آئندہ دو سال تک ہسپتال میں تمام بیماریوں کاعلاج صحت سہولت پروگرام کے ذریعے کیاجائے گا۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں