سٹریٹ کرائم : 1 گاڑی 15 موٹر سائیکل چوری ، مزاحمت پر شہری قتل

راولپنڈی (خبرنگار) مختلف علاقوں میں سرقہ بالجبر، سٹر یٹ کرائم، چوری کی وارداتوں میں شہریوں کو ایک گاڑی، 15موٹر سائیکل، لاکھوں کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فونز اور دیگر قیمتی سامان سے محروم کر دیا گیا۔
گھر میں گھسنے والے ڈاکوؤں سے مزاحمت کرنے پر شہری کو قتل کر دیا گیا، اہلخانہ نے ایک ڈاکو کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا جبکہ 3ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ تھانہ روات پولیس کو زاہد حسین نے بتایا کہ ہمارے گھر میں 4مسلح ڈاکو داخل ہوئے سب کے پاس اسلحہ تھا پہلے وہ میرے بھتیجے دانش اور عماد کے کمرے میں داخل ہوئے اور ان سے ہاتھا پائی کی اور موبائل چھینے جب میں نے شور کی آواز سنی تو میں نے لائٹ آن کی تو میرے کمرے میں ڈاکوؤں نے داخل ہونے کی کوشش کی اور مجھے کہا کہ شور کیا تو گولی مار دیں گے، اتنی دیر میں میرے بڑے بھائی مقتول نصیر باہر آئے تو ان سے ا نہوں نے ہاتھا پائی کی اور مزاحمت کرنے پر ان کے سر میں بائیں طرف گولی ماری اور وہ گر گئے اور ہسپتال لاتے ہوئے راستے میں دم توڑ گئے، ایک ڈاکو ہم نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا، نیوٹاؤن کی حدود سے عرفان کی گاڑی چوری کر لی گئی، مورگاہ پولیس کو شہریار نے بتایا کہ ہماری کمپنی کے سواں پل پر اشتہارات لگائے ہوئے تھے کہ کسی نامعلوم چور نے پینا فلکس مالیت 350000روپے چوری کر لیے، پولیس نے مقدمات درج کر لئے۔