الیکشن کے بعد سیاحوں کی آمد سے مری کی رونقیں بحال
مری (نمائندہ دنیا) ملکہ کوہسار میں انتخابات کے بعد سیاحوں کی آمد کے باعث پھر سے مری کی رونقیں بحال ہو گئیں۔ مال روڈ پر چہل پہل، ہوٹل مالکان، دکاندار بھی مصروف دکھائی دینے لگے، برفباری کے بعد پانی کے قدرتی چشمے بھی ابل پڑے۔
پانی کی قلت ختم ہونے سے عوام مطمئن نظر آ رہے ہیں۔ ویک اینڈ پر ملک بھر سے سیاحوں کی کثیر تعداد نے مری کا رخ کیا، سیاح فیملیاں اور منچلے مری کے دلکش موسم، دلفریب نظاروں اور ہر طرف پڑی برف سے خوب لطف اندوز ہو رہے ہیں اور برف کے سنو مین بنا کر ان کے ساتھ تصاویر اور سیلفیاں بنا رہے ہیں، سیاحوں کی بڑی تعداد میں آمد سے مری کی سیاحت اور کاروبار پر بھی انتہائی مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔