بھاری مینڈیٹ والا نوازشریف کہاں ہے؟ آصف کرمانی

بھاری مینڈیٹ والا نوازشریف کہاں ہے؟ آصف کرمانی

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)مسلم لیگ ن کے سینیٹر آصف کرمانی نے کہا ہے کہ پارٹی کے کچھ لوگ نہیں چاہتے تھے نواز شریف وزیراعظم بنیں، یہ وہی لوگ ہیں جنہوں نے باجوہ کو ایکسٹینشن پر نواز شریف کو بے بس کیا تھا۔۔۔

ساری جماعت کیلئے سوچنے کا لمحہ ہے بھاری مینڈیٹ لینے والا نواز شریف آج کہاں ہے، جو لوگ اس تنزلی کے ذمہ دارہیں کیا ان کے خلاف کوئی کارروائی ہوگی؟، ٹی وی انٹرویو میں آصف کرمانی نے کہا کہ قمرجاوید باجوہ کو ایکسٹینشن کے ووٹ کا نتیجہ انتخابات میں ملاہے ، پانامہ کیس کے حوالے سے جے آئی ٹی چل رہی تھی تو نواز شریف نے اہم وزرا کو کہا مجھے استعفیٰ دیناچاہیے ، اس وقت سارے وزرا میں سے کسی نے نواز شریف کے فیصلے کی حمایت نہیں کی، کسی نے کہا میرا فلاں منصوبہ رہتا ہے اور کسی نے کہا میرے جہاز آرہے ہیں۔انھوں نے بتایا کہ میں نے کہا تھا اسمبلیاں توڑکر الیکشن کا اعلان کریں،یہ جے آئی ٹی ختم ہوجائیگی،پانامہ کے وقت کا بیانیہ اور تقریریں عرفان صدیقی ہی لکھ کر دیتے تھے، خلائی مخلوق اورووٹ کو عزت دو وغیرہ عرفان صدیقی ہی کے الفاظ تھے۔ آصف کرمانی نے کہا کہ اللہ کرے بیانیہ تبدیل کرانے والوں کو شیروانیاں پہننا بھی نصیب ہوں، شہباز شریف اور چو دھری نثار کی خفیہ ملاقاتوں کا نواز شریف کو علم نہیں ہوتا تھا، نواز شریف نے شہبازشریف کو کہا آپ نے کسی کو ملنا ہے تو دن کی روشنی میں ملیں، اور شکوہ کیا آپ ملاقات کیلئے رات کو کیوں جاتے ہیں۔ پارٹی میں سائیڈلائن کرنے سے متعلق سوال پر آصف کرمانی نے بتایا کہ پہلے نہیں لگتا تھا لیکن اب یقین ہے ایک گروپ نے مجھے سائیڈلائن کیا ہے، مجھے سائیڈ لائن کرنیوالے الیکشن میں اپنے ہی گڑھے میں گرگئے، باقی بھی گریں گے، اگر میں ن لیگ میں نہ رہا تو کچھ دیر کے لیے بریک لیکر گھر رہنا پسند کروں گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں