بینک سے رقم نکلوانے والوں سمیت متعدد شہریوں کو لوٹ لیا گیا: گھروں سے لاکھوں کا زیور، نقدی چوری

بینک سے رقم نکلوانے والوں سمیت متعدد شہریوں کو لوٹ لیا گیا: گھروں سے لاکھوں کا زیور، نقدی چوری

راولپنڈی(خبرنگار)مختلف علاقوں میں سرقہ بالجبر، سٹریٹ کرائم، چوری وغیرہ کی وارداتوں میں شہریوں کو دو گاڑیوں، 15 موٹر سائیکلوں، لاکھوں روپے، طلائی زیورات، موبائل فونز سے محروم کر دیا گیا۔

ملزمان نے اسلحہ کی نوک پر شاہین سے موٹرسائیکل، اظہر عباس سے نقدی اور موٹر سائیکل، راجہ وقاص اور اس کے دوست ساجد سے گھر کے باہر 2 موبائل فونز، 9 ہزار روپے، ندیم یوسف سے 2 فونز، 10 ہزار روپے اور گاڑی کی چابی چھین لی، عبدالرشید سے مری روڈ پر اے ٹی ایم سے باہر نکلتے ہی 3 موٹرسائیکل سواروں نے اسلحہ کی نوک پر موبائل فون اور پرس چھین لیا، احتشام الحق سے دو نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے گن پوائنٹ پر 2 موبائل فونز، 40 ہزار روپے چھین لیے، عثمان سے بینک سے رقم نکلوا کر جاتے ہوئے 2 نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے گن پوائنٹ پر 4 لاکھ روپے چھین لیے۔ نصیر احمد کے گھر سے 7 لاکھ روپے، انگوٹھی، پسٹل 30 بور، نسرین کے گھر سے 6 لاکھ روپے، 41 لاکھ روپے کا سونا اور یو پی ایس، احتشام کے گھر سے 14 تولے سونا اور 3 لاکھ روپے چوری کر لیے گئے، پولیس نے مقدمات درج کرلیے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں