رنگ روڈ منصوبہ دسمبر تک مکمل،رمضان پیکیج جلد فائنل کیا جائے:کمشنر راولپنڈی

رنگ روڈ منصوبہ دسمبر تک مکمل،رمضان پیکیج جلد فائنل کیا جائے:کمشنر راولپنڈی

راولپنڈی، مری (نیوز رپورٹر، نمائندہ دنیا) کمشنر راولپنڈی عامر خٹک نے کہا ہے کہ نالہ لئی کے اردگرد تجاوزات کے مستقل بنیادوں پر خاتمہ کیلئے جامع منصوبہ بندی کی جائے۔

 یہ بات انہوں نے کمشنر آفس میں ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ رنگ روڈ منصوبہ دسمبر تک مکمل کیا جائے اور 30نومبر تک رنگ روڈ پر سڑک کی تعمیر کا کام مکمل کیا جائے۔ شجرکاری مہم کے تمام اہداف بروقت مکمل کئے جائیں اور مری میں شجرکاری پر خصوصی توجہ دی جائے۔ دریں اثنا پانچوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کے ساتھ منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئندہ دو دنوں میں ڈویژن بھر کے مستحقین کے ڈیٹا کو ویریفائی کر کے حتمی لسٹ مرتب کی جائے۔ عامر خٹک نے نگہبان رمضان پیکیج کیلئے بننے والے راشن بیگز کی تیاری کیلئے انڈسٹریل سٹیٹ کا دورہ کیا۔ انہوں نے راشن بیگز میں شامل اشیائے ضروریہ کے معیار اور مقدار کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ آئندہ سوموار تک پیکیجنگ مکمل کی جائے۔ ڈپٹی کمشنر کل تک اپنا ٹرانسپورٹیشن اور سکیورٹی پلان فائنل کریں۔ لسٹ میں موجود لوگ جو اب اس پیکیج کے اہل نہیں رہے انکی الگ لسٹ مرتب کی جائے۔ ڈپٹی کمشنر آفس میں کنٹرول روم قائم کر کے تمام پراسیس کی مانیٹرنگ کی جائے۔ رمضان راشن پیکیج میں 10کلو گرام آٹا جبکہ چاول، چینی، گھی، بیسن 2کلو ہوں گے، راشن بیگز مستحقین کے گھروں تک پہنچائے جائیں۔ دریں اثنا کمشنر راولپنڈی عامر خٹک نے اتوار کو مری کا دورہ کیا، اس موقع پر جناح ہال مری میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے تعمیرات پر مکمل پابندی کااعلان کیا۔ انہوں نے اس حوالے سے فوری ایک کمیٹی تشکیل دینے کاحکم دیا، انہوں نے کہا مری میں کارپارکنگ پلازوں کی تعمیر جلد شروع کی جائے گی۔ بعدازاں کمشنر نے تحصیل ہیڈکوارٹرزہسپتال کابھی دورہ کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں