عید پر مہنگائی کا طوفان نہ تھم سکا، مرغی، بکرے کا گوشت مہنگے داموں بکتا رہا

عید پر مہنگائی کا طوفان نہ تھم سکا، مرغی، بکرے کا گوشت مہنگے داموں بکتا رہا

اسلام آباد(سید قیصر شاہ)ماہ رمضان سے ایک ہفتہ قبل آنے والا مہنگائی کا طوفان عید کے تیسرے دن بھی جاری رہا، عید کے ایام میں ناجائز منافع خورسرگرم رہے۔

اشیائے ضروریہ سمیت سبزیوں اورپھلوں کے نرخ آسمان سے باتیں کرتے رہے۔ شیور مرغی کا گوشت 950، بڑا گوشت 1250اور چھوٹا گوشت 2500روپے کلو تک فروخت کیا جاتا رہا۔ کیک، بسکٹ اور مٹھائی بھی مہنگے داموں فروخت کی جاتی رہی۔ عید کے تینوں دن ٹیکسی ڈرائیورز بھی منہ مانگے کرائے وصول کرتے رہے۔ پبلک ٹرانسپورٹرز بھی شہریوں سے اندرون شہر 10سے 15روپے عیدی وصول کرتے رہے جبکہ بین الاضلاعی روٹس پر چلنے والی گاڑیاں بھی عید پر زیادہ کرایہ وصول کرتی رہیں۔ اسلام آباد میں تندور اور ہوٹل بندہونے سے روٹی کی قیمت بڑھا دی گئی۔ نان 40، چائے کا کپ 70اور دودھ پتی کا کپ 90روپے میں فروخت کیا جاتا رہا۔ اسی طرح مختلف سیکٹرز میں ریفریشمنٹ سنٹرز پر بھی مہنگے داموں اشیا فروخت کی جاتی رہیں۔ انتظامیہ خاموش تماشائی بنی رہی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں