کہوٹہ: ڈاکوؤں نے ناکہ لگا کر مسافر بس لوٹ لی، فائرنگ میں 1 جاں بحق

کہوٹہ: ڈاکوؤں نے ناکہ لگا کر مسافر بس لوٹ لی، فائرنگ میں 1 جاں بحق

راولپنڈی(خبرنگار)کہوٹہ میں آزاد کشمیر سے آنیوالی مسافر بس کو لوٹ لیا گیا، مزاحمت کے دوران فائرنگ سے دو مسافر فاروق اور اختر زخمی ہوگئے جنہیں ہسپتال منتقل کیا گیا، بعد ازاں فاروق زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔

مسافر بس حویلی آزاد کشمیر سے براستہ کہوٹہ لاہور جا رہی تھی، ڈاکوؤں نے دکھالی کے قریب مسافر بس کو ناکہ لگا کر روکااور لاکھوں روپے، موبائل فون و دیگر لاکھوں روپے کی اشیا لوٹ کر فرار ہو گئے ۔اطلاعات کے مطابق مسلح ملزمان نے مسافر بس کو دکھالی کے مقام پر روک کر گن پوائنٹ پر مسافروں سے رقم اور قیمتی اشیا لوٹیں ، واقعہ کی ا طلاع ملتے ہی ایس ایس پی آپریشنز فلائٹ لیفٹیننٹ(ر) حافظ کامران اصغرسمیت سینئر افسران موقع پر پہنچ گئے جبکہ ڈی ایس پی کہوٹہ کی سربراہی میں ملزمان کی گرفتاری کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں ۔ایس پی سی آئی اے بینش فاطمہ نے تھانہ کہوٹہ کے علاقہ دکھالی کا دورہ کیااور جائے وقوعہ کا جائزہ لیا، واقعہ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے سائنٹیفک ٹیکنالوجی اور ہیومن انٹیلیجنس سمیت تمام ذرائع بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں نے کہوٹہ روڈ پر ناکہ لگا کر مسافروں سے لوٹ مار کی۔ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک مسافر جاں بحق ہو گیا جبکہ ڈرائیور شدید زخمی ہے۔ ایس ایس پی آپریشنز حافظ کامران نے ڈی ایس پی کہوٹہ کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دیدی۔ اس سے قبل بھی آزاد کشمیر سے آنیوالی بسوں کو یکے بعد دیگرے لوٹا گیا مگر تاحال ملزم گرفتار نہ ہو سکے جس سے کئی شکوک و شبہات جنم لے رہے ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ مسافر بس لوٹنے کا واقعہ گزشتہ رات پیش آیا تھا جس کی تحقیقات جاری ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں