تنخواہوں میں 150فیصد اضافہ کیا جا ئے ، ملازم کونسل

  تنخواہوں میں 150فیصد اضافہ کیا جا ئے ، ملازم کونسل

اسلام آباد (سیدقیصرشاہ ) آل پاکستان سیکرٹریٹ ایمپلائز کوآرڈینیشن کونسل نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ بجٹ میں فیڈرل سیکرٹریٹ ، پرائم منسٹر آفس اور پریذیڈنٹ سیکرٹریٹ میں کام کرنے والے گریڈ 17تا 22کے افسران اور۔۔۔

 پرائیویٹ سیکرٹریز کو جس طرح با لتریب150 فیصد ایگزیکٹو الائونس اور 100 فیصد سپیشل الائونس دیا گیا ہے اسی طرز پر گریڈ 1تا 16 کے فیڈرل اور صوبائی ملازمین کی تنخواہوں میں بھی 150 فیصد اضافہ دیا جائے ۔ ان خیالات کااظہار روزنامہ دنیا فورم میں آل پاکستان سیکرٹریٹ ایمپلائز کوآرڈینیشن کونسل کے صدر چو دھری محمد حسین طاہر ، سیکرٹری جنرل ذوالفقار احمد ، سینئرنائب صدر محمد نسیم خان ، نائب صدر محمد ارشد شاہکوٹی ، سینئروائس چیئرمین زبیر افضل وڑائچ اور سیکرٹری اطلاعات راجہ محمد نبیل نے کیا ۔ انہوں نے کہا میڈیکل الائونس موجودہ جاری تنخواہ پر دیا جائے اور نان گزیٹڈ سٹاف کو 5000/- روپے ماہانہ میڈیکل الائونس دیا جائے .ہائوس رینٹ جاری بنیادی تنخواہ پر کم از کم 50فیصد مقر ر کیا جائے اور ہائوس رینٹ سیلنگ میں 50فیصد اضافہ کر کے ملازمین کو تنخواہ کے ساتھ د یا جائے ۔ فیڈرل سیکرٹریٹ میں کام کرنے والے گریڈ 1تا 22ملا زمین کو سپیشل الائونس صوبوں کی طرز پر 50فیصد موجودہ جاری تنخواہ پر دیا جائے ۔ ملازم کی ریٹائرمنٹ پر اس کے کم از کم ایک بچے کو ملازمت دی جائے ۔ صوبوں کی طرز پر گریڈ 1 تا 10 کے ملازمین کو 12000 روپے ماہانہ، گریڈ 11 تا 16 کو 16000 روپے ، گریڈ 17 تا 19 کو 20000 روپے اور گریڈ 20 تا 22 کو 24000/- روپے ماہانہ کے حساب سے یوٹیلیٹی الائونس دیا جائے ۔

وفاقی حکومت صوبوں کی طرز پر جونیئرکلرک کو گریڈ 9سے 11 ، سینئر کلرک کو گریڈ 11 سے 14 ، اسسٹنٹ کو گریڈ 16 ، سپرنٹنڈنٹ کو گریڈ 17 میں اپ گریڈکرنے کے ساتھ ساتھ ڈرائیو ر اور درجہ چہارم کے ملازمین کو بھی اپ گریڈ کرے ، اگلے سکیل میں ترقی کا دورانیہ 10 سال کے بجائے 5 سال کیا جائے ، تمام ایکس کیڈر پوسٹوں پر کام کرنے والے ملازمین کو اپ گریڈ اور ٹائم سکیل دیا جائے ۔ ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن اور میڈیکل الائونس میں 100 فیصد اضافہ کیا جائے ،فیملی پنشن کی کم از کم حد 16,000/ روپے ماہانہ کی جائے ۔ تمام وفاقی/صوبائی ملازمین گریڈ 1 تا 22 کو ریٹائرمنٹ کے بعد Benevolent Fund اور Group Insurance کی مد میں کاٹی گئی رقم موجو دہ شرح سے دی جائے ۔سرکاری ملازمین کے ایک بچے کو میرج گرانٹ مبلغ 50,000/- روپے دی جاتی ہے ۔ اسے 50,000/- روپے سے بڑھا کر 100,000/- روپے کیا جائے ۔ Farewell Grant بڑھا ئی جا ئے ۔وزارت مذہبی امور ہر سال حج کے موقع پر تمام وزارتوں سے ایک ایک ملازم کو حج سیزن ڈیوٹی پر بھجواتی ہے جس کے لئے انہوں نے عمر کی حد 45 سال مقرر کی ہے جس کی وجہ سے تمام سینئرملازم اس سے محروم رہ جاتے ہیں جبکہ وزارت مذہبی امور میں کام کرنے والے ملازم اس شرط سے مستثنیٰ ہیں ، 45 سال عمر کی حد کو ختم کیا جائے ،۔وفاقی و صوبائی سیکرٹریٹ کے تمام ملازمین کو ہیلتھ کارڈ جاری کیا جائے ۔ انکم ٹیکس سلیب کو 600,000/- روپے سے بڑھا کر 1,200,000/- رو پے کیا جائے ۔ پنشن اصلا حات کا اطلاق موجودہ وفاقی و صوبائی ملازمین پر کرنے کے بجائے نئے بھرتی ہونے والے ملازمین پر کیا جائے ۔ 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں