موٹرویز ہیلی کاپٹرو ایمرجنسی میڈیکل سروسز کا پلان دیں:عبدالعلیم خان

 موٹرویز ہیلی کاپٹرو ایمرجنسی میڈیکل سروسز کا پلان دیں:عبدالعلیم خان

اسلام آباد(دنیا رپورٹ)وفاقی وزیر مواصلات، نجکاری و سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان نے ہدایت کی ہے کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی تمام موٹرویز کے معیار کو مزید بہتر بنائے اور زیر تعمیر شاہراہوں کی تیزی سے تکمیل کو یقینی بنائے۔

 تمام موٹرویز پر حادثات کی صورت میں ہیلی کاپٹر سروس سمیت زخمیوں کیلئے اپنی ایمرجنسی سروسز کا پلان بنائے جبکہ موٹرو یز پر آنے والے بھاری گاڑیوں کے ڈرائیورز کی خصوصی تربیت کا بھی اہتمام کیا جائے۔ اس امر کا اظہار انہوں نے این ایچ اے ہیڈ کوارٹرز اسلام آبادمیں پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے بارے میں منعقدہ اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے این ایچ اے کے افسران پر زور دیا کہ وہ ایمانداری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شمالی علاقہ جات کو منسلک کرنے والی شاہراہوں کی تعمیر پر خصوصی توجہ دی جائے۔ ہم کاغان ناران سے لے کر چلاس، گلگت اور سکردو تک شاہراہوں کے ذریعے سیاحت کو بڑے پیمانے پر فروغ دینا چاہتے ہیں۔ عبدالعلیم خان نے حالیہ دورہ چین میں ہونے والے مختلف معاہدوں پر فوری پیش رفت کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود اس کے فالواپ کو یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چاروں صوبوں میں شاہراہوں کے عوامی مفاد کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے، موٹرویز پر میڈیکل سروسز کو 1122 اور مقامی اداروں سے منسلک کیا جائے۔ اجلاس میں دیہی سندھ میں این ایچ اے کے منصوبوں پر خصوصی غور کیا گیا۔ وفاقی سیکرٹری مواصلات علی شیر محسود اور چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی ارشد مجید نے اجلاس کو بریفنگ دی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں