تجارتی،کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ میں کمی،اقتصادی اشیاریے بہتر ہورہے:وزارت خزانہ

تجارتی،کرنٹ  اکاؤنٹ  خسارہ میں  کمی،اقتصادی  اشیاریے  بہتر  ہورہے:وزارت  خزانہ

اسلام آباد (اے پی پی)وفاقی وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ اہم اقتصادی اشاریوں میں بہتری آ رہی ہے ،افراط زرکے دباؤ میں کمی۔۔۔

 بیرونی کھاتوں اور ایکسچینج ریٹ میں استحکام،مالی و زری استحکام اور صنعتی سرگرمیوں میں بتدریج بحالی سے اقتصادی نمو کے عمل کے آگے لے جانے میں مدد مل رہی ہے ،جاری مالی سال کے دوران تجارتی اور حسابات جاریہ کے کھاتوں کے خسارہ میں نمایاں کمی ہوئی ہے ، ایف بی آر کے محصولات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے ، ملک کا معاشی منظرنامہ حوصلہ افزا ہے ، اقتصادی استحکام کیلئے اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا۔ یہ بات وزارت خزانہ کی جانب سے ملکی معیشت کے بارے میں جاری کردہ ماہانہ رپورٹ میں کہی گئی ہے ۔ ماہانہ اقتصادی اپ ڈیٹ کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 11 ماہ میں سمندرپارپاکستانیوں کی ترسیلات زرکاحجم 27.1 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 25.1ارب ڈالر کے مقابلہ میں 7.7 فیصد زیادہ ہے ، برآمدات میں 11.3 فیصد کی شرح سے سالانہ اضافہ ہوا ہے ، درآمدات کا حجم 48.4 ارب ڈالر رہا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 49.5 ارب ڈالر کے مقابلہ میں 2.3 فیصد کم ہے ، حسابات جاریہ کے کھاتوں کا خسارہ 500 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 87.7 فیصد کم ہے ، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں حسابات جاریہ کے کھاتوں کا خسارہ 3.8 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا، براہ راست بیرونی سرمایہ کا ری میں سالانہ بنیادوں پر 14.9 فیصد کا اضافہ ہوا ہے ، 11ماہ میں 1.728ارب ڈالر کی براہ راست بیرونی سرمایہ کا ری ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 1.504 ارب ڈالر تھی۔ 26 جو ن 2024 کو زرمبادلہ کے ذخائرکاحجم 13.115 ارب ڈالر تھا، جو گزشتہ سال 26جون کو9.572 ارب ڈالر تھا، 26 جو ن 2024 کو ایکسچینج ریٹ 278.40 ملین ڈالر تھا جو گزشتہ سال 26جون کو 286.71 ارب ڈالر تھا، ایف بی آر کے محصولات کا حجم 8126ارب روپے ریکارڈکیاگیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 6210 ارب روپے کے مقابلہ میں 30.8 فیصد زیادہ ہے ، مالی خسارہ کا حجم مالی سال کے پہلے 10ماہ میں 4726ارب روپے ریکارڈکیاگیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 3929 ارب روپے کے مقابلہ میں 20.3 فیصد زیادہ ہے ، اپریل میں بڑی صنعتوں کی پیداوارمیں 0.45 فیصد کی شرح سے نمو ہوئی جو گزشتہ سال اپریل میں منفی 8.77 فیصد تھی ۔نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن میں 0.8 فیصد کی شرح سے نمو ریکارڈکی گئی۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں