شہریوں کا 52 لاکھ کا سونا، ملکی و غیر ملکی کرنسی، 12 موٹرسائیکل، گاڑی، رکشہ چوری

شہریوں کا 52 لاکھ کا سونا، ملکی و غیر ملکی کرنسی، 12 موٹرسائیکل، گاڑی، رکشہ چوری

راولپنڈی(خبرنگار)مختلف علاقوں میں سرقہ بالجبر، سٹریٹ کرائم، چوری وغیرہ کی وارداتوں میں شہریوں کو گاڑی، رکشہ، 12 موٹرسائیکلوں، لاکھوں روپے، طلائی زیورات اور موبائل فونز سے محروم کر دیا گیا۔

تھانہ واہ کینٹ کی حدود سے نصرت کی گاڑی، تھانہ صدر واہ کینٹ کی حدود سے جاوید کا رکشہ چوری کرلیا گیا۔ تھانہ نصیر آباد پولیس کو وقاص نے بتایا کہ گن پوائنٹ پر دو نامعلوم مسلح افراد نے اسے روک کر موٹرسائیکل، موبائل فون اور 22 ہزار روپے چھین لیے، ابرار احمد سے چاندنی چوک میں دو نامعلوم موٹرسائیکل سواروں موبائل فون اور 30 ہزار روپے چھین لیے، زبیر احمد کے گھر سے ایل سی ڈی اور 12 ہزار روپے چوری کرلیے گئے، سید وقاص کی ریڑھی اور سامان مالیتی 60 ہزار روپے چوری کرلیا گیا، منظر محمود نے پولیس بتایا رحمت علی نے اپنی بیٹیوں ثوبیہ اور مہوش کے ساتھ ہمارے گھر سے 20 ہزار روپے، 100 ڈالر، 10 لاکھ روپے کا سونا اور 4 لاکھ 70 ہزار روپے کا سامان چوری کرلیا، رخسار ملک کے گھر سے 42 لاکھ روپے کا سونا چوری کرلیا گیا، پولیس نے مقدمات درج کرلیے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں