مقدمات چالان میں لاپرواہی، 5 تفتیشی افسروں پر مقدمات
راولپنڈی (خبرنگار) سی پی او راولپنڈی خالد ہمدانی نے مقدمات کی چالاننگ میں غفلت و لاپرواہی پر 5 تفتیشی افسران کے خلاف مقدمات درج کروا دیئے۔
سی پی او نے 3روز قبل میٹنگ میں غفلت کے مرتکب تفتیشی افسران کے خلاف کارروائی کا حکم دیا تھا، تھانہ روات، ٹیکسلا اور صدر واہ میں تعینات تفتیشی افسران کے خلاف مقدمات درج کئے گئے۔ روات پولیس نے چالاننگ میں غفلت برتنے پر 3تفتیشی افسران، تھانہ ٹیکسلا اور صدر واہ پولیس نے 1، 1تفتیشی افسر کے خلاف مقدمہ درج کیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق تفتیشی افسران نے تبادلہ کے بعد غفلت برتی اور زیر تفتیش مقدمات کے چالان جمع نہیں کرائے۔ سی پی او نے کہا فرائض کی ادائیگی میں غفلت ناقابل برداشت ہے۔