ڈی ایچ اے نے 729 پلاٹ سی ڈی اے کے حوالے کر دیئے
اسلام آباد(اپنے رپورٹر سے)سی ڈی اے کو ڈی ایچ اے کی طرف 729 پلاٹس حوالے کر دئیے گئے، عرصہ دراز سے زیر التوا معاملہ خوش اسلوبی سے طے پاگیا۔
ڈی ایچ اے کی طرف سے سی ڈی اے کو 729 پلاٹس کے الاٹمنٹ پہلے ہی کی جا چکی ہے۔ حوالگی کا فیصلہ سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت ہونے والی میٹنگ میں کیا گیا۔ یہ مسئلہ 2007-2008 سے زیر التوا تھا جب سی ڈی اے نے ایک معاہدے کے تحت ڈی ایچ اے کو 2,412 کنال،پانچ مرلے زمین فراہم کی تھی، شرائط کے مطابق سی ڈی اے کو اس زمین کے عوض 729 پلاٹس ملنے تھے لیکن اس معاہدے پر سالوں تک عمل نہ ہوسکا۔ اب ایک نئے معاہدے کے تحت ڈی ایچ اے نے 729 پلاٹس سی ڈی اے کے حوالے کردئیے ہیں.چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ یہ مسئلہ 15 سال سے التوا کا شکار رہا۔ ان پلاٹوں کا حصول سی ڈی اے کی ایک بڑی کامیابی ہے۔ یہ اب عوام الناس اور اوورسیز پاکستانیوں کے لئے پیش کیے جائیں گے اور حاصل ہونے والی آمدنی ان منصوبوں پر خرچ کی جائے گی جو براہ راست اسلام آباد کے لوگوں کو فائدہ پہنچائیں گے۔