پاکستانی وفد کی ’’سرن‘‘ کی 70 ویں سالگرہ تقریبات میں شرکت
اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)پاکستان نے بین الاقوامی سائنسی کمیونٹی کے ساتھ مل کر یورپی جوہری تحقیق کے مرکز ’سرن‘ کی 70 ویں سالگرہ کے حوالے سے سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں منعقدہ خصوصی تقریبات میں شرکت کی۔
ان تقریبات میں دنیا بھر کے 39 ممالک کے وفود نے شرکت کی جبکہ پاکستانی وفد کی قیادت چیئرمین پاکستان اٹامک انرجی کمیشن ڈاکٹر راجہ علی رضا انور نے کی۔ انہوں نے سرن کے ساتھ پاکستان کی دیرینہ شراکت داری پر روشنی ڈالتے ہوئے ایک مرتبہ پھر اس عزم کو دہرایا کہ پاکستان بین الاقوامی شراکت داریوں کے ذریعے سائنسی تحقیق اور تکنیکی جدت کو فروغ دیتا رہے گا۔ پاکستان 2015سے سرن کا ایسوسی ایٹ ممبر ہے۔ پاکستان اٹامک انرجی کمیشن، ایچ ایم سی 3، پنسٹیک، نیشنل سینٹر فار فزکس، کامسیٹس اور نسٹ سرن کے ساتھ قریبی تعاون کر رہے ہیں۔