اکتوبر میں ڈینگی کے وار شدید ہونے کا خدشہ،کمشنر راولپنڈی
راولپنڈی(نیوز رپورٹر)کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے انسداد ڈینگی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ اکتوبر میں ڈینگی کے وار شدید ہونے کا خدشہ ہے۔۔۔
جس کی وجہ سے اس وقت ہماری اولین ترجیح انسداد ڈینگی سرگرمیاں ہیں، تمام محکمے دائرہ اختیار و حدود کو بھلا کر اپنی فیلڈ کی سرگرمیوں کو ڈبل کریں اور ہائی رسک یونین کونسلز میں اضافی سٹاف تعینات کیا جائے۔ شہر بھر میں کہیں بھی اوپن ٹائر رکھنے کی اجازت نہ دی جائے، انڈر کنسٹرکشن عمارات کی مکمل سویپنگ کی جائے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ راولپنڈی ضلع میں اب تک 1476کنفرم مریض رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے 1266کامیاب علاج معالجے کے بعد ڈسچارج ہوچکے ہیں۔ دریں اثنا راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی کمیونیکیشن اینڈ سوشل موبلائزیشن ٹیم کے ارکان نے مارکیٹ آگاہی مہم میں شہریوں کو انسداد ڈینگی کیلئے حفاظتی تدابیر سے متعلق بتاتے ہوئے معلوماتی پمفلٹس تقسیم کیے۔