برطانیہ کا پاکستان میں 280 سکلز سینٹر بنانے کا اعلان
اسلام آباد(خصوصی رپورٹر)حکومت برطانیہ اور مشرق وسطیٰ کے ادارے پاکستان میں 280 سکلز سینٹرز بنا کر لاکھوں پاکستانیوں کو دنیا بھر میں نوکریاں فراہم کریں گے۔
اس بات کا ا علان گزشتہ روز یہاں نیوٹیک اور وفاقی نظامت تعلیمات کا دورہ کرتے ہوئے حکومت برطانیہ کے وفد نے کیا۔ ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ پر تعلیم میں ممکنہ تعاون پر پاکستان سے بات چیت کیلئے برطانیہ کا ایک ا علیٰ سطح کا وفد پاکستان کے 2روزہ دورے پر ہے، وفد میں لارڈ بوٹینگ، ہاؤس آف لارڈز کے ممبر وینڈی تھامسن، یونیورسٹی آف لندن کی وائس چانسلر، یونیورسٹی آف گرین وچ کے وائس چانسلر پروفیسر پیٹر ایڈورڈ، کوئین میری یونیورسٹی کے ڈپٹی وائس چانسلر پروفیسر رچرڈ گروس، ٹونی ڈیگازون، سٹی اینڈ گلڈز کے ریجنل ڈائریکٹر، ڈاکٹر عامر، GEMSمشرق وسطیٰ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر شامل ہیں۔ وفد سے وفاقی سیکرٹری تعلیم محی الدین وانی، نیوٹیک کی چیئرپرسن گلمینہ بلال اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر نیوٹیک عامر جان نے بات چیت کی۔ وفد نے بتایا کہ پاکستان میں 280 سکلز سینٹرز بنائے جائیں گے جن میں تربیت مکمل کرنے والے امیدواروں کو پاکستان بلکہ ہماری یونیورسٹیوں کی جانب سے مشترکہ سرٹیفکیٹ دیا جائے گا، پہلے مرحلے میں دبئی سمیت گلف کے مختلف ممالک کے اداروں کیلئے سکیورٹی، مہمان نوازی، تعمیرات اور ویٹرنری نرسنگ اور دبئی پولیس میں 80 ہزار نوکریاں دی جائیں گی۔ وفد آج اسلام آباد سے کراچی روانہ ہوگا جہاں وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی کے ساتھ اہم ملاقات کرے گا۔