رواں سال پولیو کے 32 کیسز رپورٹ ہوئے، ڈاکٹر مختار
اسلام آباد(نیوز رپورٹر)وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر قومی صحت ڈاکٹر مختار بھرتھ کی صدارت میں چاروں صوبوں کے پولیو پروگرام کوآرڈینیٹرز کا اجلاس گزشتہ روز منعقد ہوا۔
اجلاس کے دوران پولیو کی موجودہ صورتحال اور اس کے خاتمے کیلئے جاری کوششوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور پولیو کے خاتمے کیلئے کیے گئے اقدامات اور درپیش چیلنجز کے بارے میں کوآرڈینیٹر برائے صحت کو آگاہ کیا گیا۔ ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ نے کہا کہ پاکستان میں رواں سال 2024 کے دوران پولیو کے 32 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور 16کیسز بلوچستان، 10 سندھ، 4 خیبرپختونخوا جبکہ 1 کیس پنجاب اور اسلام آباد سے رپورٹ ہوا ہے۔ 32 میں سے 20 بچوں کو معمول کے حفاظتی ٹیکوں کی کوئی ویکسین نہیں ملی، محروم بچوں میں بیماری کی شدت زیادہ پائی گئی، والدین اپنے بچوں کو حفاظتی ٹیکہ جات کا کورس مکمل کرائیں اور پولیو ویکسین کا حصول یقینی بنائیں۔