اسلام بچیوں کے حقوق کا تحفظ کر نے پر زور دیتا، ایاز صادق
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا نبی کریمؐ نے بیٹی کو اللہ تعالیٰ کی رحمت قرار دیتے ہوئے اس کے حقوق کا تحفظ کرنے اور اس کی بہترین تعلیم وتربیت کا حکم دیا ہے۔
اسلام خواتین کو مساوی حقوق فراہم کرتا ہے جس کے ذریعے انہیں وراثت میں شامل کیا گیا ہے، بچیوں کی بہترین تربیت آنیوالی نسل کی بقا کیلئے ناگزیر ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار انٹرنیشنل ڈے آف دی گرل چائلڈ کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔ سپیکر قومی اسمبلی نے بیٹوں اور بیٹیوں کے درمیان مساوی سلوک روا رکھنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ خواتین کو اللہ تعالیٰ نے بے پناہ صلاحیتوں سے نوازا ہے، ان کی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔