تین مراحل میں 24 اداروں کی نجکاری:5سالہ پلان تیار

تین  مراحل  میں  24  اداروں  کی  نجکاری:5سالہ پلان  تیار

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی حکومت کا5 سالہ نجکاری پلان سامنے آگیا ،جس کے مطابق 24 اداروں کی نجکاری کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کا نجکاری پلان 2024 سے 2029 تک کیلئے ہے ۔وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد وزارت نجکاری کی جانب سے اداروں کی فہرست تیارکی گئی ہے جس کے مطابق 3 مراحل میں 24 اداروں کی نجکاری ہوگی، پہلے مرحلے میں ایک سال میں10اداروں کی نجکاری، دوسرے مرحلے میں ایک سے 3سال میں 13اداروں کی نجکاری ہوگی جب کہ تیسرے اور آخری مرحلے میں3 سے 5 سال میں ایک ادارے کی نجکاری کرنے کاپلان بنایا گیا ہے ۔ نجکاری پلان میں بتایا گیا ہے کہ پہلے مرحلے میں پی آئی اے اور روزویلٹ ہوٹل نیویارک کی نجکاری کی جائے گی، زرعی ترقیاتی بینک ، فرسٹ ویمن بینک ،ہاؤس بلڈنگ فنانس کارپوریشن ،پاکستان انجینئرنگ کمپنی ،سندھ انجینئرنگ کمپنی لمیٹڈ ،اسلام آباد، فیصل آباد اورگوجرانوالہ کی بجلی کمپنیوں کی نجکاری پہلے مرحلے میں کی جائے گی ۔ دستاویزکے مطابق ناردرن پاورجنریشن، لاکھڑاپاور جنریشن کمپنی، لیسکو،میپکو، حیسکواور سیپکو، پشاور ، ہزارہ الیکٹرک سپلائی کمپنیوں،جام شوروپاورکمپنی اور سنٹرل پاور جنریشن کمپنی ،یوٹیلیٹی سٹورزکارپوریشن، سٹیٹ لائف انشورنس اورپاکستان ری انشورنس کمپنی کی نجکاری دوسرے مرحلے میں ہوگی۔پلان کے تیسرے اور آخری مرحلے میں پوسٹل لائف انشورنس کمپنی کی نجکاری کاعمل مکمل کیاجائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں